قومی اسمبلی سے فاٹا انضمام بل کی منظوری سے قبائلی عوام کو طویل قید سے رہائی مل گئی ہے ،قبائلی عمائدین ا ورکزئی ایجنسی

ہفتہ 26 مئی 2018 23:07

ہنگو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 مئی2018ء) اورکزئی ایجنسی کے قبائلی عمائدین نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی سے فاٹا انضمام بل کی منظوری سے قبائلی عوام کو طویل قید سے رہائی مل گئی اور فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام سے قبائلیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی خاطر قربانیوں کے بائوجود فاٹا عوام کی ہر طرح کی حق تلفی کی گئی تا ہم قبائلی علاقاجات کی خیبر پختونخوا میں انضمام سے قبائلی عوام کو بھی ملک کے دیگر شہریوں کی طرح حقوق حاصل ہوں گے،قبائلی عمائدین نے حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے فاٹا انضمام کا فیصلہ کر کے قبائلی عوام کے دل جیت لئے ،حکومت کے اس اقدام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، خیبرپختونخوا میں انضمام کے ساتھ ساتھ حکومت کو قبائلی علاقاجات میں 5سال کے اندر تعلیم، صحت، مواصلات، آبپاشی، آبنوشی و دیگر شعبہ جات میں ترقیاتی منصوبوں پر توجہ دینی چاہیے تا کہ قبائلی عوام کو آزادی کے ساتھ ساتھ ملک کی دیگر شہریوں کی طرح سہولیات بھی میسر ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قبائل وہ لوگ ہے جنہوں نے ملک کی خاطر جان و مال کی قربانیاں دیں ہے جبکہ آئندہ بھی ملک کی خاطر قربانیاں دینے کی روایت برقرار رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیٹیکل ایڈمنسٹریشن نے فاٹا کے عوام کو یرغمال بنائے رکھا اور من پسند فیصلے کر کے ہمیشہ حالات خرا ب کر کے قبائلی عوام کو بدنام کرنے کی سازشیں کی گئی تا ہم فاٹا انضمام سے اب ان کی من مانیاں بھی ختم ہو جائے گی جبکہ فاٹا کے عوام سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ تک اپنے حق کے لیے لڑ سکیں گے صالح دین اورکزئی نمائندہ ہنگو۔