20 سے 30 رمضان المبارک تک ملک بھر میں عشرہ تحفظ ارض الحرمین الشریفین والاقصیٰ منایا جائے گا، طاہر محمود اشرفی

اتوار 27 مئی 2018 20:40

لاہور۔27 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2018ء) پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ 20 رمضان سے 30 رمضان المبارک تک ملک بھر میں عشرہ تحفظ ارض الحرمین الشریفین والاقصیٰ منایا جائے گا اور 08 جون کو دنیا بھر میں یوم تحفظ ارض الحرمین الشریفین والاقصیٰ منانے کی اپیل کرتے ہیں ، جامعہ عثمانیہ میں منعقدہ تحفظ ارض الحرمین الشریفین و الاقصیٰ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 04 جون کو اسلام آباد اور 10 جون کو لاہور ناصر باغ میں عظیم الشان تحفظ ارض الحرمین الشریفین والاقصیٰ کانفرنسیں منعقدہوں گی ، کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ طاہر الحسن ، مولانا مفتی محمد ضیاء مدنی ، حاجی محمد طیب شاد قادری ، مولانا حبیب الرحمن عابد ، مولانا محمد اشفاق پتافی ، مولانا حق نواز خالد ، صاحبزادہ حمزہ طاہر ، مولانا اظہار الحق ، مولانا طیب گورمانی ، مولانا امین الحق اشرفی ، مولانا قاری نصر اللہ نے کہا کہ مسلم امة کو فرقہ واریت کی بناء پر تقسیم کرنے کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے عملی کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

فرقہ وارانہ تشدد پھیلا کر اسلامی ممالک کو تباہ کیا جا رہا ہے ، الاقصیٰ کی آزادی اور ارض الحرمین الشریفین کے دفاع ، سلامتی اور استحکام کیلئے جدوجہد عالم اسلام پر فرض ہو چکی ہے، رہنمائوں نے کہا کہ پاکستان اور عرب ممالک کے تعلقات کو خراب کرنے کی کوششوں کو بھی ناکام بنانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ارض الحرمین الشریفین کے تحفظ اور فلسطینی عوام کیلئے سعودی عرب کی حکومت اور عوام کی جدوجہد اور مؤقف قابل ستائش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انتہاء پسندی اور دہشت گردی مسلم امہ کی تباہی کا سبب بن رہی ہے، پاکستان میں امن و امان کے قیام اور انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قومی ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کیا جائے ۔