بہاولپور ڈویژن کے پہلے ماڈل ولیج کے منصوبے پر کام کا آغاز ہوگیا ہے‘ میاں امتیاز احمد

اتوار 27 مئی 2018 23:20

رحیم یارخان۔27 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2018ء) رحیم یارخان کے نواحی چک 83پی میں بہاولپور ڈویژن کے پہلے ماڈل ولیج کے منصوبے پر کام کا آغاز ہوگیا ہے‘ منصوبے پر 12کروڑ روپے لاگت آئے گی‘ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں ایم این اے میاں امتیازاحمد نے پل سنی کے قریب ایک اور گورنمنٹ گرلز کالج کے قیام کا اعلان بھی کردیا جس کیلئے اراضی کا تعین کرلیاگیا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میاں امتیازاحمد نے کہا کہ ہمارے علاوہ رحیم یارخان میں کوئی دوسری جماعت اور کوئی دوسرا شخص نہیں جس کے پاس عوام کو بتانے کیلئے کچھ ہو‘ کہ اس نے رحیم یارخان کی ترقی کیلئے کوئی ایک کام بھی کیا ہے۔ ہمارے سیاسی مخالفین محض باتیں کرنے والے دھوکہ باز اور مفاد پرست ہیں۔

(جاری ہے)

آئندہ عام انتخابات میں رحیم یارخان کے عوام عارفوالا اور جمالدین والی سے آئے امپورٹڈ امیدواروں کے ساتھ وہ سلوک کریں گے کہ دوبارہ وہ ان حلقوں میں الیکشن لڑنے کا نام نہیں لیں گے۔

دھرنا پارٹی اور ڈانس پارٹی نے عوام کو بدتہذیبی اور گالم گلوچ کے سوا کچھ نہیں دیا‘ ہمیں اور ہمارے بچوں کو ایسی نام نہاد تبدیلی نہیں چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا تازہ لبادہ اوڑھنے والوں نے صرف اقتدار کی ہوس اور ذاتی مفاد کیلئے اپنی پارٹیاں چھوڑیں۔ الیکشن میں رحیم یارخان کے عوام ‘ خدمت‘ شرافت اور نظریے کو ووٹ دیں گے اور انشاء اللہ مسلم لیگ (ن) ایک بار پھر پہلے سے زیادہ برتری کے ساتھ کامیابی حاصل کرے گی۔

رکن پنجاب اسمبلی چوہدری محمودالحسن چیمہ نے کہا کہ پانچ سالہ کارکردگی پر ہمارا ضمیر مطمئن ہے۔ عوام ووٹ ڈالتے وقت ہماری کارکردگی اور ہم سے پہلے نمائندوں کی کارکردگی کا موازنہ ضرورکریں۔ رحیم یارخان میں ڈویژن کے پہلے ماڈل ولیج کا منصوبہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا رحیم یارخان کے عوام کوبہترین تحفہ ہے‘ مستقبل میں ایسے مزید منصوبے اور ترقیاتی فنڈز لاکر عوام کے قدموں میں نچھاور کریں گے۔