رواں سال دنیا میں 20 کھرب ڈالر مالیت کے کاروباری اداروں کا انضمام ہوا،حقوق ملکیت کی منتقلی ہوچکی،تحقیقاتی رپورٹ

پیر 28 مئی 2018 09:50

رواں سال دنیا میں 20 کھرب ڈالر مالیت کے کاروباری اداروں کا انضمام ہوا،حقوق ..
لندن۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2018ء) رواں سال اب تک دنیا بھر میں 20 کھرب ڈالر مالیت کے کاروباری اداروں کا انضمام یا حقوق ملکیت کی منتقلی ہوچکی ہے جو ایک ریکارڈ ہے۔برطانوی خبر رساں ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق رواں سال دنیا بھر میں کاروباری اداروں کے انضمام اور حقوق ملکیت کی منتقلی کی سرگرمیوں میں تیزی آئی ہے۔امریکی کمپنی جنرل الیکٹرانکس کے ٹرانسپورٹ کے شعبے اور ریل کے آلات بنانے والے ادارے ’’ واب ٹیک ‘‘ کا انضمام نمایاں رہا جس کی مالیت 11.1 ارب ڈالر رہی۔

چند روز قبل امریکا میں ہی مختلف کاروباری اداروں کے باہمی انضمام کی خبریں سامنے آئی ہیں جن کی مجموعی مالیت 28 ارب ڈالر سے زیادہ ہے۔ان میں سے زیادہ تر اداروں کا تعلق توانائی، مالیات اور جائیدادوں کی خرید و فروخت کے شعبوں سے ہے۔

(جاری ہے)

یورپ بھی کاروباری انضمام یا حقوق ملکیت کی منتقلی کے شعبے میں نمایاں رہا جہاں صرف اپریل کے دوران اس طرح کی سرگرمیاں 10 سال کی بلند ترین سطح پر رہیں۔

امریکی و برطانوی اداروں کے درمیان انضمام و حقوق ملکیت کی تبدیلی کی سرگرمیوں کی مالیت 89.6 ارب ڈالر سے زیادہ رہی جو 19 سال کی بلند ترین سطح ہے۔ادھر جاپانی ٹیکنالوجی کمپنی ’’ سونی ‘‘ کی جانب سے برطانوی میوزک گروپ کے حصص کی خریداری کے لیے 2.3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان بھی سامنے آچکا جبکہ جرمن دوا ساز کمپنی ’’ بائر ‘‘ بھی 62.5 ارب ڈالر کے عوض امریکی ایگروکیمیکل اینڈ ایگریکلچرل بائیو ٹیکنالوجی کمپنی کی خریداری بھی آخری مرحلے میں ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2000 ء میں دنیا بھر میں کاروباری اداروں کے انضمام و حقوق ملکیت کی منتقلی کی سرگرمیوں کی مالیت 15 کھرب ڈالر رہی جو 2007 ء میں 18 کھرب ڈالر جبکہ رواں سال پہلے پانچ ماہ کے دوران ہی 20 کھرب ڈالر سے تجاوز کرچکی ہے ۔