نئی ٹیسٹ رینکنگ،لارڈز ٹیسٹ کے ہیرو محمد عباس نے نئی بلندی چھو لی

محمد عامر،حسن علی کی بھی ترقی،اسد شفیق،بابر اعظم،حارث سہیل کو بھی عمدہ کاکردگی کا صلہ مل گیا

پیر 28 مئی 2018 13:24

نئی ٹیسٹ رینکنگ،لارڈز ٹیسٹ کے ہیرو محمد عباس نے نئی بلندی چھو لی
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28مئی 2018 ء) لارڈز ٹیسٹ کے ہیرو قومی ٹیم کے فاسٹ باﺅلر محمد عباس نئی آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں اپنے کیریئر کی بہترین پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں ۔ 28سالہ محمد عباس نے لارڈ ز ٹیسٹ میچ میں 64رنز کے عوض8وکٹیں حاصل کیں جس کے ساتھ ہی وہ تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ میں 9درجے پھلانگ کر 20پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں جو ان کے ٹیسٹ کیریئر کی بہترین پوزیشن ہے، لارڈ ز ٹیسٹ میں 5وکٹیں حاصل کرنے والے فاسٹ باﺅلر محمد عامر نے5درجے ترقی پاکر 32ویں پوزیشن سنبھال لی ہے جب کہ حسن علی میچ میں 4وکٹیں لے کر 87ویں سے 61پوزیشن پر آگئے ہیںجو ٹیسٹ رینکنگ میں ان کی بہترین پوزیشن ہے،لیگ سپنر یاسر شاہ18جب کہ فاسٹ باﺅلر وہاب ریاض26نمبر پر موجود ہیں۔

انگلینڈ کیخلاف پہلی اننگز میں 59رنز سکور کرنے والے اسد شفیق نے رینکنگ میں 6سیڑھیاں چڑھ کر26ویں پوزیشن سنبھالی ہے جبکہ پہلے ٹیسٹ میں 39اور 39ناٹ آﺅٹ رنز سکور کرنے والے حارث سہیل 13درجے پھلانگ کر80ویںپوزیشن پر آگئے ہیں ۔

(جاری ہے)

کلائی پر گیند لگنے سے قبل 68رنز سکور کرنے والے بابر اعظم نے100ویں سے 86پوزیشن پر چھلانگ لگائی ہے،لارڈز ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں نصف سنچری سکور کرنے والے شاداب خان نے8درجے ترقی کے ساتھ 96ویں نمبر پر قبضہ جمایا ہے،لارڈز ٹیسٹ میں نصف سنچری سکور کرنے والے اظہر علی کی12ویں پوزیشن برقرار ہے ۔

سابق برطانوی کپتان ایلسٹر کک نے رینکنگ میں ایک درجہ ترقی پاکر 15ویں پوزیشن سنبھالی ہے جبکہ باﺅلر ز میں جیمز اینڈرسن کی دوسری پوزیشن برقرارہے۔پاکستان اگر انگلینڈ کو یہ سیریز2-0سے ہرانے میں کامیاب رہا تو رینکنگ میں 95پوائنٹس کے ساتھ 5ویں پوزیشن پر آجائے گا جبکہ انگلینڈ کو93پوائنٹس کے ساتھ 7ویں پوزیشن پر جانا پڑے گا ۔

متعلقہ عنوان :