انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ میں فتح ٹیم کا بڑا کارنامہ ہے، نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی متاثر کن ہے، سابق کرکٹرز

پیر 28 مئی 2018 14:21

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2018ء) سابق کرکٹرز نے انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ میں شاندار فتح پر قومی کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ میزبان ٹیم کے مقابلے میں ہماری ٹیم ناتجربہ کار تھی، کھلاڑیوں نے غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرکے انگلش ٹیم کو آئوٹ کلاس کیا۔ پاکستان نے انگلینڈ کو لارڈز ٹیسٹ میں 9 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

گرین شرٹس کی شاندار فتح پر سابق کرکٹرز بھی جھوم اٹھے، انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی متاثر کن تھی، سابق کپتان جاوید میانداد نے کہا کہ ٹیسٹ کے دوران انگلش ٹیم خاصی کمزور نظر آئی، میچ کی جیت میں پاکستان کے ہر کھلاڑی نے اپنا کردار ادا کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میں فتح کیساتھ کلین سویپ کرنا چاہیے، نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے انہیں زیادہ سے زیادہ مواقع دینے چاہیں۔

(جاری ہے)

سابق کپتان اور نامور فاسٹ بائولر وسیم اکرم نے کہا کہ ناتجربہ کار ٹیم نے غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، کسی کو بھی نئے کھلاڑیوں سے اس کارکردگی کی توقع نہی تھی۔ سابق ٹیسٹ کرکٹررمیز راجہ نے کہا کہ قومی کھلاڑیوں نے تجربہ کم ہونے کے باوجود تحمل، نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا، میچ میں قومی کھلاڑیوں کی فیلڈنگ بہت شاندار رہی۔انہوں نے کہا کہ فاسٹ بائولر محمد عباس انگلش کنڈیشنز کیلئے بہترین بائولر ہیں، امید ہے کہ وہ دوسرے ٹیسٹ میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ٹیم کو فتح دلانے میں کردار ادا کریں گے۔ سابق فاسٹ بائولر شعیب اختر نے کہا کہ لارڈز ٹیسٹ میں فتح ٹیم کی بڑی کامیابی ہے، کھلاڑیوں کو دوسرا ٹیسٹ جیتنے کیلئے پوری قوت کے ساتھ میدان میں اترنا ہو گا۔

متعلقہ عنوان :