یورپ کے ساتھ مذاکرات میں پیشرفت ہوئی ہے، ایران

منگل 29 مئی 2018 10:40

تہران۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2018ء) ایران کے نائب وزیرخارجہ سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ایٹمی معاہدے کے بارے میں یورپ کے ساتھ مذاکرات میں کافی پیشرفت ہوئی ہے تاہم مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوسکے۔

(جاری ہے)

ایرانی خبر رسان ادارے کے مطابق ایران کے نائب وزیر خارجہ اور سینیئرایٹمی مذاکرات کار سید عباس عراقچی نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ ایٹمی معاہدے کے بارے میں ایران کے ساتھ مذاکرات میں یورپ کی جانب سے کافی سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے،تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایٹمی معاہدے کے تحت ایران کے مطالبات کی تکمیل میں یورپ کی توانائیوں کے بارے میں تاحال مکمل اطمینان حاصل نہیں ہوسکا ۔

سید عباس عراقچی نے کہا کہ یورپ کو ایران کے مطالبات کی تکمیل کا طریقہ کار واضح کرنا ہوگا اور بتانا ہوگا کہ وہ کس طرح سے یہ کام انجام دیں گے۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں میزائل پروگرام کو ایرانی مذاکراتی ٹیم کی ریڈ لائن قرار دیا اور کہا کہ اس بارے میں مذاکرات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔سید عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ ایران اس وقت تک ایٹمی معاہدے میں باقی رہیگا جب تک اس معاہدے کے ذریعے ایران کے مفادات پورے کیے جاتے رہیں گے ۔