یورپ کیساتھ مذاکرات میں پیشرفت ہوئی ہے، ایران

مذاکرات میں مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوئے،یورپ کو تہرانی مطالبات کی تکمیل کا طریقہ کار واضح کرنا ہوگا،ہم اس وقت تک معاہدے پر موجود رہیں گیجب تک ہمارے مفادات پورے کیے جاتے رہیں گے،نائب وزیر خارجہ

منگل 29 مئی 2018 15:46

تہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مئی2018ء) ایران کے نائب وزیرخارجہ سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ گزشتہ 2ہفتوں کے دوران ایٹمی معاہدے کے بارے میں یورپ کیساتھ مذاکرات میں کافی پیشرفت ہوئی،تاہم مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوسکے۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز نائب وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے ایک ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ایٹمی معاہدے کے بارے میں ایران کیساتھ مذاکرات میں یورپ کی جانب سے کافی سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے،ایٹمی معاہدے کے تحت ایران کے مطالبات کی تکمیل میں یورپ کی توانائیوں کے بارے میں تاحال مکمل اطمینان حاصل نہیں ہوسکا۔

سید عباس عراقچی نے کہا کہ یورپ کو ایران کے مطالبات کی تکمیل کا طریقہ کار واضح کرنا ہوگا اور بتانا ہوگا کہ وہ کس طرح سے یہ کام انجام دیں گے،اس بارے میں مذاکرات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔سید عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ ایران اس وقت تک ایٹمی معاہدے میں باقی رہیگا جب تک اس معاہدے کے ذریعے ایران کے مفادات پورے کیے جاتے رہیں گے۔