کاشتکار دالوں کی برداشت صحیح وقت پر کریں،محکمہ زراعت

منگل 29 مئی 2018 15:53

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مئی2018ء)محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کودالوں کی برداشت کے سلسلہ میں احتیاطی تدابیرپرعملدرآمدکی ہدایت کی ہے ۔محکمہ کے ترجمان نے کہاکہ کاشتکار دالوں کی برداشت صحیح وقت پر کریں تاکہ پیداوار متاثرنہ ہو۔انہوں نے کہا کہ کٹائی سے پہلے بیماریوں سے متاثرہ پودے نکال دیں تاکہ تندرست پودوں سے صحتمند بیج کے حصول میں مددمل سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فصل کی کٹائی اس وقت کی جائے جب دالوں کی 90 فیصد پھلیاں پک کر تیار ہوجائیں۔انہوں نے کہا کہ کٹائی کیلئے صبح کا وقت بہترین ہوتاہے کیونکہ اس وقت نمی کے باعث پھلیاں کم جھڑتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو چاہئیے کہ وہ پھلیوں کو چھوٹی ڈھیریوں کی صورت میں 2 سے 3دن تک دھوپ میں خشک کرنے اور فصل کی گہائی کیلئے صاف جگہ کا انتخاب کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اگر کاشتکاروں کودالوں کی برداشت میں کوئی مسئلہ درپیش ہو تو اس ضمن میں محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رابطہ کیاجاسکتاہے۔۔