متحدہ مجلس عمل نے امیدواروں کے چنا ئوکیلئے مرکزی پارلیمانی بورڈ تشکیل دیدیا

پارلیمانی بورڈ کی سربراہی مولانا فضل الرحمن کرینگے ،تمام جماعتوںکی قیادت شامل ،ناموں کو پانچ جون تک حتمی شکل دیدی جائیگی

منگل 29 مئی 2018 16:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2018ء) دینی جماعتوں کے اتحاد متحدہ مجلس عمل نے امیدواروں کے چنا ئو کے لئے مرکزی پارلیمانی بورڈ تشکیل دیدیاجو پانچ جون تک امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دے گا۔ذرائع کے مطابق پارلیمانی بورڈ کا سربراہ مولانا فضل الرحمن اور سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ کو مقرر کیا گیا ہے جبکہ ممبران میں سینیٹر سراج الحق، پروفیسر ساجد میر، علامہ ساجدعلی نقوی، پیر اعجاز احمد ہاشمی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

مرکزی پارلیمانی بورڈ صوبائی اور ضلعی بورڈز کی سفارشات پر امیدواروں کے چنا ئوکا فیصلہ کرے گا۔ 5 جون تک امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دیدی جائے گی جبکہ ایم ایم نتخابات میں دیگر جماعتوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ بھی کرے گی۔ امیدواروں کے چنا ئواور اتحاد کے لائحہ عمل کے لیے سپریم کونسل کا اجلاس بھی آج طلب کرلیا گیا۔ایم ایم اے کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ انتخابی صف بندی میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کو رد نہیں کیا جاسکتا۔ جنرل نشستوں پر 5 فیصد خواتین امیدوار بھی کھڑی کی جائیں گی۔