ہیڈنگلے ٹیسٹ میں پاکستانیوں کے فیورٹ بلے باز کے ڈیبیو کا امکان

کس نمبر پر بیٹنگ کے لیے بھیجا جائے گا؟ حل طلب سوال

منگل 29 مئی 2018 15:33

ہیڈنگلے ٹیسٹ میں پاکستانیوں کے فیورٹ بلے باز کے ڈیبیو کا امکان
لندن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔29مئی 2018 ء) قومی ٹیم کے جارح مزاج اوپنر فخر زمان کو یکم جون سے ہیڈنگلے ٹیسٹ میں ڈیبیو کے لیے فیورٹ قرار دیا جارہا ہے ۔گرین شرٹس کے مڈل آرڈر بلے باز بابر اعظم بائیں کلائی میں فریکچر کے سبب وطن روانہ ہو چکے ہیں اور دوسری جانب ٹیم مینجمنٹ نے متبادل کھلاڑی کے معاملے میں سلیکشن کمیٹی پر واضع کیا ہے کہ انھیں متبادل کھلاڑی کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔

لندن سے لیڈز جانے والی قومی ٹیم کے کیمپ سے خبر ہے کہ فخر زمان کو ہیڈنگلے ٹیسٹ میں ڈیبیو کرانے کی تیاریاں مکمل ہیں، ان کے ٹیسٹ ڈیبیو کی صورت میں 13 ون ڈے اور 15 ٹی ٹونٹی کھیلنے والے مردان کے 28 سالہ فخر زمان پاکستان کے 232 ویں ٹیسٹ کرکٹر بن جائیں گے ۔ملتان میں 2013ءمیں فرسٹ کلاس ڈیبیو کر نے والے فخر 37 فرسٹ کلاس مقابلوں میں 41.91 کی اوسط سے 2389 رنز بنا چکے ہیں جن میں 6 سنچریاں بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے لئے قومی سلیکشن کمیٹی نے فخر زمان کو چوتھے اوپنر کی حیثیت سے سکواڈ کا حصہ بنایا تھا تاہم بابر اعظم کے ان فٹ ہونے پر ان کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے بائیں ہاتھ کے بلے باز کس نمبر پر بیٹنگ کے لیے جائیں گے ؟یہ اب بھی ایک حل طلب سوال ہے۔قومی ٹیم کے لیے اس وقت امام الحق اور اظہر علی بطور اوپنرز کھیل رہے ہیں جب کہ آخری 2 ٹیسٹ میچوں میں حارث سہیل کو نمبر تین پر کھلانے کا تجربہ ہوا ہے، انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ میں بابر اعظم نمبر پانچ پر کھیلے تھے جس کا سیدھا مطلب تو یہی ہے کہ فخر زمان نمبر پانچ پر کھیلیں گے۔

دوسری جانب لاہور سے تعلق رکھنے والے عثمان صلاح الدین ایک مرتبہ پھر بغیر کھیلے پاکستان چلے جائیں گے۔99 فرسٹ کلاس میچوں میں 6329 رنز بنانے والے عثمان صلاح الدین کی قومی ٹیم کے ساتھ یہ چوتھی سیریز ہوگی جس میں وہ بناءکھیلے ہی گھر واپس چلے جائیں گے۔قائد اعظم ٹرافی میں سب سے زیادہ رنز سکور کرنے والے بائیں ہاتھ کے بلے باز سعد علی بھی بغیر کھیلے وطن واپس جائیں گے ۔