میاں مجتبیٰ شجاع نے ڈیفنس میں ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سروس سنٹر کا افتتاح کیا

محکمے کو جدید بنیاد وں پر استوار کر کے کارپوریٹ کلچ کے مطابق شہریوں کو سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں‘صوبائی وزیر

منگل 29 مئی 2018 19:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2018ء) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے ڈیفنس ہائوسنگ سوسائٹی میں زیڈ بلاک میں ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سروس سنٹر قائم کر دیا ہے ۔ صوبائی وزیر ایکسائز میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان نے سنٹر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈی جی ایکسائز اکرم اشرف گوندل، چئرمین پبلک فسلیٹیشن یونٹ چودھری منیر احمد سمیت محکمے کے سنیئر افسران اور جرمن تربیتی ادارے جی آئی زی کے ذمہ داران بھی موجود تھے۔

جدید کمپیوٹرائزڈ سروس سنٹر میں ایک ہی چھت تلے موٹر وہیکلز اور پراپرٹی کے ٹیکس کی وصولی کا باسہولت انتظام کیا گیا ہے۔ ٹیکس دہندگان کی سہولت اور ان کے قیمتی وقت کو بچانے کیلئے دو شفٹوں میں سروس شروع کی گئی ہے ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر میاں مجتبیٰ شجاع نے کہا کہ ایسے نو سہولتی مراکز پورے صوبے کے طول و عرض میں قائم کیے جا رہے ہیں جن میں سے چار صرف لاہور میںبنائے جار ہے ہیں ۔

(جاری ہے)

لاہور میں شمالی لاہور ، شاہدرہ، ٹھوکر نیاز بیگ اور یہاں ڈیفنس میں یہ چاروں مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں میں محکمے کے افسران نے انتھک محنت کر کے اس کا کلچر تبدیل کر دیا ہے ۔ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن واحد محکمہ ہے جو چار طرح کے مختلف ٹیکسز وصول کرتا ہے ۔ ہم کوشش کریں گے کہ ہمار ے قائم کردہ سہولت مراکز میں باقی محکموں کے ٹیکسز بھی عوام جمع کرا سکیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ ایک سال میں ایک کروڑ سے زیادہ عوام نے ہمارے محکمے کے دفاتر سے رابطہ کیا۔ ہمارے محکمے کی ویب سائٹ کو سال میں سب سے زیادہ ھٹس ملتے ہیںاور مسلسل اپ ڈیٹ رکھا جا تا ہے۔ صوبے کے تمام 36اضلاع میںموٹر وہیکلز کا ڈیٹا سنٹرلایئزڈ کردیا گیا ہے ۔مستقبل میں محکمہ یونیورسل نمبر پلیٹس متعارف کرانے جا رہا ہے ۔ ان پلیٹس پر نہ صرف سکیورٹی فیچرز ہوں گے بلکہ پورے صوبے میں گاڑی کا کوئی نمبر دہرایا نہیں جا سکے گا۔

ہم نے ٹیکسوں کی آن لائین ادائیگی کا طریقہ کار بھی طے کر لیا ہے اور اس حوالے سے یوبی ایل کے علاوہ دیگر بنکوں سے بھی معاملات سٹیٹ بنک کی منظوری سے طے پا گئے ہیں۔ آئیندہ چند ماہ میں عوام کو یہ سہولت بھی میسر آجائے گی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ انہیں اس بات کا فخر ہے کہ محکمے میں تمام بھرتیاں خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر نہایت شفاف انداز میں کی گئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :