کوئی ایک کھلاڑی بھی بہترین کارکردگی دکھائے تو سب اس پر خوش ہوتے ہیں، حسن علی

پاکستان ٹیم گرانڈ میں ہی نہیں باہر بھی یکجا ہے اور تمام پلیئرز ایک خاندان کی مانند اپنا موثر کردار نبھا رہے ہیں،شاداب خان

منگل 29 مئی 2018 21:20

کوئی ایک کھلاڑی بھی بہترین کارکردگی دکھائے تو سب اس پر خوش ہوتے ہیں، ..
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مئی2018ء) قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں حسن علی اور شاداب خان نے پاکستان کی حالیہ کامیابی کو خاندان جیسے ماحول کی مرہون منت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی ایک کھلاڑی بھی بہترین کارکردگی دکھائے تو سب اس پر خوش ہوتے ہیں۔ سابق کپتان رمیز راجہ کو انٹر ویو دیتے ہوئے فاسٹ بالر حسن علی کاکہنا تھا کہ فی الوقت ٹیم کا ماحول ایسا ہے کہ اگر شاداب خان پرفارم کرے تو انہیں خوشی ہوتی ہے اور اگر بابر اعظم بہترین کھیل پیش کرتے ہیں تو ہم دونوں کا دل خوش ہو جاتا ہے۔

حسن علی کے مطابق اس کا تمام تر کریڈٹ ٹیم انتظامیہ اور کپتان سرفراز احمد کو جاتا ہے جو انہیں فیملی کی طرح لیڈ کر رہے ہیں اور انہوں نے سب کو یکجا کر رکھا ہے جس کے سبب کوئی بھی اچھی کارکردگی دکھائے تو سب اس کا جشن مناتے ہیں۔

(جاری ہے)

اسی قسم کے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے لیگ سپنر شاداب خان کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم گرانڈ میں ہی نہیں باہر بھی یکجا ہے اور تمام پلیئرز ایک خاندان کی مانند اپنا موثر کردار نبھا رہے ہیں جس کی وجہ سے ٹیم پر مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میدان سے باہر دکھائی دینے والی ٹیم سپرٹ میدان کے اندر بھی واضح ہے جس کے سہارے انگلینڈ کو لارڈز ٹیسٹ میں ہرانا ممکن ہو سکا کیونکہ ساتھ کھانے پینے اور گھومنے پھرنے والے پلیئرز میں کافی ہم آہنگی پیدا ہو گئی ہے اور ان کی کوشش ہے کہ اس عمدہ ماحول کے زیر اثر مزید کامیابیاں یقینی بنائی جائیں۔ واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کا دوسرا ٹیسٹ یکم جون سے لیڈز میں شروع ہوگا،گرین شرٹس نے لارڈز میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کو 9وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 1-0کی برتری حاصل کی ہے ۔۔