ایٹمی معاہدے کا تحفظ یورپ کی سلامتی کے لئے اہم ہے، فیڈریکا موگرینی

بدھ 30 مئی 2018 13:55

برسلز ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2018ء) یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے کہا ہے کہ ایٹمی معاہدے کا تحفظ یورپ کی سلامتیکے لئے اہم ہے۔ایرانی خبر رسان ایجنسی کے مطابق یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے برسلز میں یورپی ملکوں کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے اختتام پر کہا کہ یورپی یونین اس وقت ایران کو اقتصادی فوائد پہنچانے والے پیکیج کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ ایٹمی معاہدے کو بچایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ایٹمی معاہدے کا تحفظ یورپ کے لئے صرف اقتصادی پہلو کا حامل نہیں ہے بلکہ یورپی یونین کے لئے سیکورٹی کے لحاظ سے بھی یہ اہم ہے۔انہوں نے برسلز میں یورپی ملکوں کے وزرائے خارجہ کے اجلاس اور ان کی تجاویز کے بارے میں کہا کہ یورپی یونین کے بہت سے ملکوں نے ایران کے ساتھ تجارتی تعلقات کو جاری رکھنے کے لئے کھلے اور واضح نظریات بیان کئے ہیں۔

(جاری ہے)

فیڈریکا موگرینی نے یورپی ملکوں کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے آغاز میں بھی کہا تھا کہ اس اجلاس کا اہم ترین ایجنڈا ایٹمی معاہدے کا تحفظ ہے۔واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے گذشتہ آٹھ مئی کو ایٹمی معاہدے سے نکلنے کا اعلان کر دیا تھا لیکن معاہدے کے دیگر فریق ملکوں اور یورپی یونین نے اسے باقی رکھنے پر زور دیا ہے۔