مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی میجر (ر) طاہر اقبال کا چکوال میں یونیورسٹی کے قیام کا مطالبہ

بدھ 30 مئی 2018 14:21

اسلام آباد۔ 30 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2018ء) مسلم لیگ (ن) کے رکن میجر (ر) طاہر اقبال نے چکوال میں یونیورسٹی کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام ارکان پارلیمنٹ کو دفاتر فراہم کرکے پارلیمنٹ کی کارکردگی بہتر بنائی جاسکتی ہے۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں میجر (ر) طاہر اقبال نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ سپیکر نے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام دی ہیں۔

یہ ایوان عوام کا ہے اور ممبران لوگوں کی نمائندگی کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس ایوان کو اس طرح چلانا چاہیے جو اس کا حق ہے۔ تنقید برائے تنقید سے گریز کرنا چاہیے۔ ہمیں دھرنوں اور احتجاج کی بجائے تمام مسائل کو اس ایوان کے ذریعے حل کرنے کا طریقہ رائج ہونا چاہیے۔ باہر بیٹھ کر الزام تراشی سے سیاستدانوں کی ساکھ کو نقصان پہنچتا ہے۔ انہوں نے ایم این ایز کو دفاتر دینے کی سفارش کی اور کہا کہ دنیا بھر کی پارلیمان میں ارکان کے دفاتر ہوتے ہیں لیکن یہاں ایسا نظام نہیں ہے۔ اس معاملے کا جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے کام کئے ہیں اور اس کا پتہ الیکشن میں چل جائے گا۔