انضمام الحق کو گرین شرٹس کے ہر فارمیٹ میں نمبر ون بننے کا یقین

حریف کو نہ آسان لینا ہوگا اور نہ ہی ایک جیت کے بعد کسی خوش فہمی میں مبتلا ہونے کی ضرورت ہی:انضمام الحق

بدھ 30 مئی 2018 15:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 مئی2018ء) ) آئی سی سی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر موجود پاکستانی ٹیم کی ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ میں بہترہوتی کارکردگی نے سلیکشن کمیٹی کو بھی یہ امید دلا ئی ہے کہ قومی ٹیم تینوں فارمیٹس کی بہترین ٹیم بن سکتی ہے۔قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے پہلے ٹیسٹ میچ میں جس طرح انگلینڈ کو شکست دی ہے، اسی طرح وہ ٹیسٹ سیریز جیت کر ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کی طرح دنیا کی صف اول کی ٹیسٹ ٹیم بن سکتی ہے۔

ایک انٹر ویو کے دوران انضمام الحق کا کہنا تھا کہ لارڈز ٹیسٹ جیت کر ٹیم کا مشن مکمل نہیں ہوا، پرانی جیت کو انجوائے ضرور کرنا چاہیے لیکن نیا میچ نئے عزم اور جذبے سے کھیل کر انگلینڈ کو شکست دینی ہوگی، شکست کا خوف اعصاب پر سوار نہیں کرنا چاہیے، حریف کو نہ آسان لینا ہوگا اور نہ ہی ایک جیت کے بعد کسی خوش فہمی میں مبتلا ہونے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انضمام الحق نے اس جیت کا کریڈٹ کپتان سرفراز احمد، ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور کوچنگ اسٹاف کو دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان کھلاڑی ٹیم کے ساتھ مسلسل محنت کررہے ہیں جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ بھی تعریف کا مستحق ہے جو سلیکٹرز اور ٹیم انتظامیہ کے پیچھے کھڑا ہے اور ہر فیصلے کا دفاع کررہا ہے۔واضح رہے کہ دو سال قبل انضمام الحق کے چیف سلیکٹر بننے کے بعد پاکستان ٹیسٹ میں نمبر ایک بنا تھا، پھر اس فارمیٹ میں ٹیم نیچے چلی گئی۔ پاکستان نے پہلی بار ویسٹ انڈیز سے اس کے میدانوں میں ٹیسٹ سیریز جیتی۔ انگلینڈ کے خلاف 2016ئ میں ٹیسٹ سیریز برابر کی۔ سری لنکا سے ہوم گرا?نڈ میں شکست ہوئی۔۔آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا اعزاز حاصل کیا اور اس وقت ٹی ٹونٹی میں پاکستان نمبر ایک ہے۔