ڈینگی پر موثر کنٹرول برقرار رکھنے کیلئے عبوری دور میں بھی موجودہ اقدامات کی رفتار برقرار رکھنے کی ضرورت ہے،خواجہ سلمان رفیق

جمعرات 31 مئی 2018 18:42

ڈینگی پر موثر کنٹرول برقرار رکھنے کیلئے عبوری دور میں بھی موجودہ اقدامات ..
لاہور۔31 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2018ء) صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ سیاسی لیڈر شپ کی کمٹمنٹ اور سرکاری محکموں کی سخت محنت کی وجہ سے ڈینگی کے مسئلہ پر موثر طور پر قابو پایا گیا ہے اور مستقبل میں ڈینگی پر کنٹرول برقرار رکھنے کے لئے عبوری دور حکومت میں بھی موجودہ رفتار سے انسداد ڈینگی کے اقدامات اور سرگرمیاں جاری رکھنا ہوں گی- انہوں نے کہا کہ مون سون کے موسم میں ذرا سی غفلت ڈینگی کو بے قابو کرسکتی ہی-انہوں نے ان خیالات کا اظہار محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کے کمیٹی روم میں بطور وزیر صحت کابینہ کمیٹی برائے ڈینگی کے آخری ویڈیو لنک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا- اجلاس میں سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ نجم احمد شاہ ، ڈینگی ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ کے چیئر مین پروفیسر ڈاکٹر فیصل مسعود کے علاوہ مختلف اضلاع کے کمشنر، ڈپٹی کمشنرز ، سی ای او ہیلتھ اور متعلقہ محکموں کے سینئر افسران نے شرکت کی- ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ڈینگی کنٹرول پروگرام ڈاکٹر سعید گھمن نے صوبے میں ڈینگی کی صورتحال بارے بریفنگ دی- ماہر حشرات پروفیسر وسیم اکرم نے کہا کہ مون سون سیزن میں متعلقہ محکموں کو زیادہ ہوشیار رہنے اور ڈینگی سرویلنس کی سرگرمیوں کو بھرپور طریقہ پر جاری رکھنے کی ضرورت ہے تاکہ ڈینگی مچھر کی افزائش میں اضافہ نہ ہو- اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ گزشتہ سات آٹھ سال کے دوران ڈینگی کے مسئلہ پر قابو پانے کے لئے پنجاب میں بے مثال کام ہوا ہے اور پنجاب نے دنیا کے سامنے ڈینگی کنٹرول کا کامیاب ماڈل پیش کیا ہی- انہوں نے مزید کہا کہ تمام سرکاری محکموں کی محنت اور کاوشوں کو برقرار رکھنے کے لئے آنے والی حکومت کے ارباب اختیار کو سخت نگرانی کرنا ہوگی- خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ حکومت نے ڈینگی کنٹرول کے لئے جو ایس او پیز متعارف کرائے اور جو سسٹم دیا ہے ، تمام محکموں کو چاہیے کہ وہ مذکورہ ایس او پیزپر عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ صوبے کے عوام کو ڈینگی سے محفوظ رکھا جاسکی-