پاکستان میں صحت کے انضباطی نظام میں پہل کرنیوالے کمیشن کا عالمی اعزاز

پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن عالمی ادارہ برائے طبی انضباطی اتھارٹیزکا شراکت دار بن گیا

جمعرات 31 مئی 2018 18:42

لاہور۔31 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2018ء) پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے صحت کے انضباطی کردار اورفراہمی صحت کے معیارات پر عمل در آمد کو یقینی بنانے کی کوششوں کے اعتراف میں عالمی ادارہ برائے طبی انضباطی اتھارٹیز(انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف میڈیکل ریگولیٹری اتھارٹیز) نے کمیشن کو عالمی شراکت دار کا درجہ دے دیا ہے،جس سے پاکستان میں صحت کے انضباطی نظام میں پہل کرنیوالے کمیشن کو عالمی اعزاز بھی حاصل ہوگیا ہے،کمیشن کی جانب سے گزشتہ روز جاری ایک پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کی پچھلے پانچ سال میںمنفرد اور ماہرانہ خدمات کی کامیابیاں عالمی ادارے کے نزدیک ایک مثالی کارکردگی ہے ، جس کی بناء پرکمیشن کو اپنا عالمی شراکت دار بنایا، یہ شراکت داری کمیشن کی صوبہ پنجاب میں سرکاری اور نجی شعبوں میں فراہمی صحت کے کم سے کم معیارات متعارف کرانے اور ان پر علاج گاہوں کی جانب سے عمل درآمد کے نظام وضع کرنے کے بھی باعث دی گئی ہے، اس عالمی ادارے کے 46مما لک کے 110ممبران ہیں اور اب پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن بھی معیاری صحت کی عالمی خدمات کے فریم ورک کا ایک حصہ ہے، جس سے اسکی استعدادکار میں بھی اضافہ ہوگا، عالمی ادارہ صحت سے متعلق سائنسی ، تعلیمی اور اشتراکی سرگرمیوں میں بہترین خدمات پر حوصلہ افزائی کے صلہ میں میڈیکل کی تعلیم دینے والے اورریگولیٹری اداروں کو حصہ بناتا ہے اوراس عالمی ادارہ کاحصہ بننے پر کمیشن انٹرنیشنل ریگولیٹری کمیونٹی کا ایک رکن بن گیا ہے، یہ عالمی ادارہ انضباطی کمیونٹی معلومات کی فراہمی میں ایک اہم کردار ادا کرتا ہے جو کمیشن کے کام کی وسعت اور ترقی میں معاون ہوگا اوراس سے کمیشن کو مزید مہارت اور تجربہ بھی حاصل ہوگا۔

متعلقہ عنوان :