محکمہ صحت بلوچستان ضلع سبی میں ہونے والی بھرتیوں میں میرٹ کو مکمل طورپر نظر انداز کیا گیا ہے،سردار سرفراز ڈومکی

سبی میں تمام خالی آسامیوں کو سابقہ اور موجودہ وزیرصحت نے اپنے رشتے داروں کو بھرتی کیا ، محکمہ صحت کے افسران کے ساتھ ملکر میرے حلقے سبی سمیت بلوچستان کے تما م اضلاع میں خالی آسامیوں کو فروخت کیا ہے،صوبائی وزیر ماہی گیری

جمعرات 31 مئی 2018 23:36

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2018ء) صوبائی وزیر ماہی گیری سردار سرفراز ڈومکی نے کہاکہ محکمہ صحت بلوچستان ضلع سبی میں ہونے والی بھرتیوں میں میرٹ کو مکمل طورپر نظر انداز کیا گیا ہے سبی میں تمام خالی آسامیوں کو سابقہ اور موجودہ وزیرصحت نے اپنے رشتے داروں کو بھرتی کیا ہے جبکہ محکمہ صحت کے افسران کے ساتھ ملکر میرے حلقے سبی سمیت بلوچستان کے تما م اضلاع میں خالی آسامیوں کو فروخت کیا ہے ،اپنے جاری کردہ بیان میں صوبائی وزیرسردار سرفراز چاکر ڈومکی نے کہا کہ محکمہ صحت میں جتنی بھی بھرتیاں کی گئی ہیں ان میں ایسے لوگوں کو شامل کیا گیا جنہوں نے ٹیسٹ اور انٹرویو بھی نہیں دئیے جبکہ جواشتہاراخبارات میں آئے تھے اس کے بھی خلاف کام کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ اخبارات میں مشتہر کی گئی آسامیوں پر تعداد سے زیادہ بھرتیاں کی گئی ہیں اور ان تمام آسامیوں پر پیسے بٹورے گئے ہیںمیں بحیثت رکن صوبائی اسمبلی محکمہ صحت میں ہونے والی کرپشن کی نیب سے تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہوں اور اسکے ساتھ ساتھ محکمہ صحت ہونے والی تمام بھرتیاں فوری طور پر منسوخ کر کے ان کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے تا کہ ملک سے کرپشن کی حوصلہ شکنی اور میرٹ کی حوصلہ افضائی ہو