لاہورپریس کلب عہدیداران اور ایف بلاک ممبرز کی وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے ملاقات

صحافی کالونی ایف بلاک کی قرعہ اندازی کر دی گئی ،پریس کلب کے ایف بلاک ممبرز 11 سال بعد اپنے پلاٹس کے مالک بن گئے ہیں

جمعہ 1 جون 2018 00:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جون2018ء) لاہور پریس کلب کی گورننگ باڈی نے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے ایوان وزیر اعلیٰ میں ملاقات کی جس میں سینئر صحافیوں سمیت ایف بلاک کے الاٹیز نے شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ملاقات میں اعلان کیا کہ آج ہر صورت ایف بلاک کے پلاٹس کی قرعہ اندازی کی جائے گی مگر قرعہ اندازی ایک شخص کی جانب سے حکم امتناعی کے خارج ہونے سے مشروط رکھی گئی۔

جس کے بعد گورننگ باڈی کی جانب سے حکم امتناعی خارج کرواکرلاہور پریس کلب ہائوسنگ سکیم (صحافی کالونی ) کے ایف بلاک کے پلاٹس کی قرعہ اندازی پریس کلب کے نثار عثمانی آڈیٹوریم میں کی گئی جس میں پنجاب جرنلسٹس ہائوسنگ فائونڈیشن بورڈ آف ڈائریکٹر کے رکن ایم پی اے مراد راس، ایم ڈی پی جے ایچ ایف رائو پرویز ، صدر اعظم چوہدری، سینئر نائب صدر مجتبیٰ باجوہ، نائب صدر شکیل سعید، سیکرٹری عبدالمجید ساجد، جوائنٹ سیکرٹری سالک نواز، خزانچی احسان شوکت ، سابق صدر معین اظہر ، سینئر صحافی سلمان غنی سمیت ایف بلاک کے ممبرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

سیکرٹری عبدالمجید ساجد نے ایف بلاک کے معزز ممبرز کومبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پروگریسو نے اپنا ایک اور وعدہ پورا کر دیا ہے ، ایف بلاک ممبرز 11 سال بعد اپنے پلاٹس کے مالک بن گئے ہیں اور آج ہم اپنے خواب پورا ہونے پر اللہ کا شکرادا کرتے ہیں کہ یہ مبارک مقصد اللہ نے ہمارے ہاتھوں پایہ تکمیل تک پہنچایا۔ صدر اعظم چوہدری نے کہا کہ صحافی کالونی کے ایف اور بی بلاک کو مشن سمجھ کر مکمل کیا ہے ، یہی پروگریسو کا مشن ہے اور خدمت کا یہ سلسلہ جاری و ساری رہے گا۔

اس مشن میں مختلف حائل رکاوٹوں کے باوجود ہم نے ہمت نہیں ہاری اور صدق دل سے مسلسل کوششیں جاری رکھیں۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف، ترجمان حکومت پنجاب ملک احمد خان، سیکرٹری انفارمیشن عبداللہ سنبل، مراد راس، بشریٰ انجم، سابق سیکرٹری انفارمیشن راجہ جہانگیر، ایڈیشنل سیکرٹری انفارمیشن شاہد اقبال ، ایم ڈی پی جے ایچ ایف رائو پرویز، ایڈمنسٹریٹر پی جے ایچ ایف کرنل (ر) اطہر ناصر، سینئر صحافی سلمان غنی، ڈی جی پی آر نبیلہ غضنفر اور دیگر تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔