فیفا ورلڈ کپ 2026؛ مراکش کا ووٹ کیلیے پاکستان سے رابطہ

سہ رکنی وفد حمایت کے حصول کی خاطر (آج) لاہور پہنچے گا، فیصل صالح کا مہمانوں کا پرتپاک انداز میں خیر مقدم کر نے کا اعلان ورلڈکپ 2026 کے میزبان کا فیصلہ آئندہ ماہ شروع ہونے والے میگا ایونٹ سے ایک روز قبل 13جون کو فیفا کانگریس میں ہوگا

جمعہ 1 جون 2018 13:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2018ء) فٹبال ورلڈکپ 2026 کی میزبانی کے امیدوار مراکش نے اپنی کوششیں تیزتر کرتے ہوئے ووٹ کیلئے پاکستان سے رابطہ کرلیا ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ورلڈکپ 2026 کے میزبان کا فیصلہ آئندہ ماہ شروع ہونے والے میگا ایونٹ سے ایک روز قبل 13جون کو فیفا کانگریس میں ہوگا،کینیڈا، میکسیکو اور امریکہ مشترکہ طور پر ورلڈکپ 2026 کا انعقاد کروانے کے لیے مضبوط ترین امیدوار ہیں، دوسری جانب مراکش نے بھی اس میگا ایونٹ کی میزبانی کے حقوق حاصل کرنے کے لیے اپنی مہم بڑے زوروشور سے شروع کررکھی ہے، ورلڈکپ 2026 میں پہلی بار 48 ٹیمیں شرکت کریں گی۔

ایونٹ میں شریک ممالک کی تعداد زیادہ ہونے کے سبب میزبانی کیلئے بڑے پیمانے پر پلاننگ کی ضرورت ہوگی، مراکش فٹبال فیڈریشن کے حکام بڑی سنجیدگی کیساتھ دنیائے فٹبال کو اس بات کے لیے قائل کرنے کی مہم پر نکلے ہیں کہ ان کا ملک ورلڈکپ جیسے میگا ایونٹ کی شایان شان انداز میں میزبانی کی صلاحیت رکھتا ہے، اس سلسلے میں ایک اعلیٰ سطحی وفد صدر پی ایف ایف سید فیصل صالح حیات سے ملاقات کیلئی(آج) ہفتے کو پاکستان آرہا ہے۔

(جاری ہے)

مہمان آفیشلز مراکش کو میگاایونٹ کی میزبانی کا اہل ثابت کرنے کیلئے قومی فٹبال فیڈریشن کے صدر سید فیصل صالح حیات کو اس ضمن میں تفصیلی بریفنگ دینگے اور اپنی حمایت میں ووٹ دینے کے لیے قائل کرنے کی کوشش کریں گے۔ مراکشی وفد میں ممبر سپورٹ کمیٹی عبدالرحیم کادمیری، مراکو 2026 مہم کے سفیر ہشام الگیروج اور سی ای او ہشام العمرانی شامل ہیں۔دوسری جانب قومی فیڈریشن کے صدر سید فیصل صالح حیات کا کہنا ہے کہ برادر ملک سے تعلق رکھنے والے معزز مہمانوں کا پاکستان میں پرتپاک انداز میں خیرمقدم کیا جائے گا۔