ضلع کونسل ہنگو کااجلاس،سرکاری محکموں کی ناقص کارکردگی،ترقیاتی کاموں میں غفلت پراظہاربرہمی

جمعہ 1 جون 2018 21:15

ہنگو۔یکم جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2018ء) ضلع کونسل ہنگو کا ایک اہم اجلاس زیر صدارت کنونئیر ھاجی زیارت گل منعقد ہوا جس میں ضلع کونسل اراکین ،اے ڈی لوکل گورنمنٹ عابد زمان کے ساتھ ساتھ بعض سرکاری محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران اراکین کونسل نے سرکاری محکموں کی ناقص کارکردگی، سرکاری افسران کی ضلع کونسل غیر حاضری ، ترقیاتی کاموں میں غفلت ،واپڈا کی ناجائز جرمانوں ، محکمہ سوشل ویلفئیر کی جانب سے ناقص سلائی مشین کی خریداری پر برہمی کا اظہار کیاگیا اجلاس کے دوران ضلع کونسل ہنگو نے ملازمین کو اعزازیہ دینے کا بھی اعلان کر دیا ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ضلع ناظم مفتی عبید اللہ، اپوزیشن لیڈر نورآواز ایڈوکیٹ، حاجی عبد العزیز ، شاد شنواری ،تجمل حسین، فرید سنگھ و دیگر ممبران نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل اور عوام کے بے لوث خدمت میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا جبکہ ترقیاتی کاموں میں معیاری کوالٹی کے میٹریل کا استعمال بھی یقینی بنائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضلع کونسل کے فنڈز سے جاری منصوبوں پر ٹھیکدار غفلت سے کام لیکر عوام کو مشکلات پیداکرنے کے ساتھ ساتھ قومی خزانے کو بھی نقصان پہنچا رہے ہیں جن کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ممبران کونسل نے کہا کہ تحصیلدار ہنگو عوام کے جائز مسائل حل کرنے میںغیر سنجیدگی کے بجائے دلچسپی سے کام لیکر عوام کی مشکلات کا آزالہ کریںجبکہ واپڈا سپرڈنٹ زار خان بلیامینہ اور زرگیری عوام کو بے جا تنگ کرنے اور غریب عوام پر بھاری بھر جرمانے عائد کر کے غلط ریڈنگ کے زریعے اوور بلنگ کا بھی سلسلہ جاری رکھا ہے جو کہ عوا م کے ساتھ سراسر ظلم اور نا انصافی پر مبنی اقدامات ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ واپڈاجنگی بنیادو ں پر انسانی ہمدردی کے تحت ہنگو بلیامینہ، زرگیری، دلن اور مینجی خیل گنڈیری کی بجلی بحالی کا مسئلہ حل کریں ۔ کونسل ممبران نے کہا کہ سرکاری افسران کی ضلع کونسل کی اجلاسوں میں عدم شرکت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ سرکاری افسران عوامی مسائل کے حل میںغیر سنجیدگی اور عد دلچسپی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ اجلاس کے دوران محکمہ سوشل ویلفئیر کی جانب سے خریدی گئی سیلائی مشینوں پر بھی ممبران نے شکایات کے انبار لگاتے ہوئے سیلائی مشینوں کی کوالٹی چیک کرنے کے لئے بنائی گئی کمیٹی کو اگلے اجلاس میں طلب کر لیاجبکہ ترقیاتی کاموں میں سست روی اور تاخیر پر ایکسین سی اینڈ ڈبلیو اور متعلقہ ٹھیکداروں کو بھی طلب کیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :