امریکا نے مظلوم فلسطینیوں کے تحفظ کے لئے اقوام متحدہ میں قرارداد پھر ویٹو کر دی

ہفتہ 2 جون 2018 11:10

نیویارک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2018ء) امریکا نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں کویت کی جانب سے غزہ میں فلسطینیوں کے تحفظ کے حوالے سے پیش ہونے والی ایک قرارداد ویٹو کردی۔ العربیہ ٹی وی کے مطابق کویت کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد کے مسودے میں غزہ اور مغربی کنارے کے فلسطینیوں کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ میں کویت کے مندوب منصور العتیبی نے فلسطینیوں کے تحفظ کے لیے قرارداد کو امریکا کی جانب سے ویٹو کرنے پر افسوس کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی ریاست کے جرائم پر اس کا محاسبہ کرنے کے بجائے اسے احتساب اور پوچھ گچھ سے مستثنیٰ ملک کا درجہ دے دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل میں فلسطینیوں کے تحفظ کی قرارداد کا منظور نہ ہونا کشیدگی میں مزید اضافہ کرے گا۔عالمی ادارے میں پیش کردہ قرارداد پر برطانیہ نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا جب کہ فرانسیسی مندوب نے قرارداد کی حمایت کے لیے مزید مشاورت کی ضرورت پر زور دیا۔