ملک بھر میں ہفتہ کے روز یوم بدرنتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا

ہفتہ 2 جون 2018 14:02

فیصل آباد۔2 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2018ء) ملک بھر میں سابقہ روایا ت کے مطابق اس بار بھی ماہ صیام کے دوران ہفتہ کو میدان بدر میں حق و باطل کے معرکہ اول کی یاد میں یوم بد ر انتہائی عقیدت و احترام سے منایاگیا ۔ اس موقع پر مختلف تنظیموں کی جانب سے خصوصی سیمینارز ، کانفرنسز اور دیگر تقریبات کا انعقاد کیاگیا جس سے ممتاز علماء کرام ، مشائخ عظام، مذہبی دانشور اور اہم شخصیات نے خطاب کیا۔

ان تقریبات کے دوران یوم بدر کے واقعہ پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی اور راہ حق میں آنے والی مشکلات کو خندہ پیشانی سے برداشت کرنے کا عہد کیا گیا۔ اس موقع پرممتاز مذہبی سکالرزنے کہا کہ وہ لوگ انتہائی خوش قسمت ہیں جنہیں رمضان المبارک کی برکتوں سے مستفید ہونے کا شرف ملتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سرکار دوعالم، فخر دوجہاں ، سرور کائنات ، نبی آخر الزماں ؐ کی سنت پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ماہ صیام کا دل و جان سے احترام کریں اور اس مقدس مہینہ کے دوران معاشی تباہی واقتصادی بد حالی کا شکار مسلمان بھائیوں کی دل کھول کر مدد کی جائے ۔

یاد رہے کہ حضور اکرم ؐ نے 12رمضان المبارک 3 ہجری کو 60 مہاجر اور باقی انصار پر مشتمل 313 جانثاروں کی قلیل جمعیت کے ہمراہ مدینہ سے روانگی شروع کی اور مدینہ سے تین میل دور جا کر اپنے لشکر کا جائزہ لیا۔ آپ ؐ ایک ہفتہ کے متواتر سفر کے بعد 17 رمضان المبارک کو میدان بدر پہنچے جہاں تاریخ عالم کی انوکھی جنگ لڑی گئی۔