جی سیون وزراء خزانہ اجلاس میں امریکی محصولات پر تنقید، تجارتی جنگ کی تنبیہ

اتوار 3 جون 2018 11:30

اوٹاوا ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2018ء) جی سیون گروپ کے ناراض وزرائے خزانہ نے امریکا کے وزیرِ خزانہ سٹیو مونچن کو امریکا کی جانب سے یورپی سٹیل اور ایلومینیم پر درآمدی محصولات عائد کرنے پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق کینیڈا میں منعقد ہونے والے جی سیون گروپ کے ایک اجلاس میں یورپی یونین اور کینیڈا نے امریکی فیصلے کے خلاف جوائی اقدامات کی دھمکی دی ہے۔

فرانس کے وزیرِ خزانہ نے خبر دار کیا ہے کہ تجارتی جنگ چند دنوں میں شروع ہو سکتی ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی سٹیل اور ایلومینیم پر درآمدی محصولات عائد کرنے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ محصولات امریکی سٹیل سازوں کا تحفظ کریں گے جو کہ ملکی سلامتی کے لیے نہایت ضروری ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپ اور دیگر جگہوں پر امریکی کمپنیوں کو درپیش رکاوٹوں کے بارے میں بھی شکایت کی۔سٹیو مونچن نے اس بات کی تردید کی امریکا نے عالمی معیشت کی قیادت چھوڑ دی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جذبات کو دوسرے ممالک تک پہنچا دیا ہے۔واضح رہے کہ جی سیون ممالک کیوبک میں ملاقات کریں گے جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی شرکت کریں گے۔