شیر خدا حضرت علی المرتضی ؓ کا یوم شہادت بدھ کوا نتہا ئی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا

اتوار 3 جون 2018 12:30

فیصل آباد۔3 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2018ء)داماد نبی آخر الزماںؐ ، شیر خدا ، امام المتقیان حضرت علی المرتضی ؓ ابن ابی طالب ؑ کا یوم شہادت 21رمضان المبارک بروزبدھ بمطابق 6جون کو انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔ اس موقع پر ملک بھر کے تمام شہروں میں مساجد ، امام بارگاہوں اور دیگر مقامات پر خصوصی تعزیتی تقریبات سمیت سیمینارز ، کانفرنسز ، مذاکروں کا بھی انعقاد کیا جائے گا جس سے مختلف مکاتب فکر کے نامور علماء کرام ، جید مشائخ عظام ، ممتاز مذہبی سکالر ، ذاکرین اہلبیت خطاب کریں گے۔

اس موقع پر حضرت علی کرم اللہ وجہہ کی دین اسلام کیلئے خدمات ، لازوال قربانیوں ، سیرت طیبہ پر تفصیلی روشنی ڈالی جائے گی۔حضرت علی المرتضیٰ ؓ کے یوم شہادت پر ملک بھر کی مساجد میں قرآن خوانی کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر قائد ملت جعفریہ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مشکل کشائے دوجہاں حضرت علی ؓ کے افکار و نظریات ، تعلیمات و فرمودات پوری انسانیت کیلئے مشعل راہ ہیں ۔انہوںنے کہا کہ ہمیں علی ؓ کی طرح جینا اور انہی کی طرح مرنا ہے۔ انہوںنے کہا کہ وہ شہادت حضرت علی المرتضی ؓ کے پر غم موقع پر خانوادہ رسالت کو دلی تعزیت پیش کرتے ہوئے عہد و پیمان کرتے ہیں کہ مظلوم کی حمایت اور ظالم سے عملی بے زاری کیلئے اپنی جدو جہد جاری رکھیں گے۔