ڈائریکٹریٹ سپورٹس خیبرپختونخوا کے زیراہتمام رمضان سپورٹس فیسٹول جاری ، ہاکی چیلنج کپ بھی شروع

افتتاحی میچ میں پشاور ٹائیگرز نے جیت لیا، فیسٹول کا باضابطہ افتتاح ڈائریکٹرجنرل سپورٹس جنید خان کیا

اتوار 3 جون 2018 18:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 جون2018ء) ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے زیراہتمام رمضان المبارک کے بابرکت مہینے پشاور سپورٹس کمپلیکس میں جاری رمضان سپورٹس فیسٹول کے سلسلے میں ہاکی چیلنج کپ پروقار تقریب میں شروع ہوگیا جس کے افتتاحی میچ میں پشاور ٹائیگرز نے پشاور لائنز کو صفر کے مقابلے ایک گول سے شکست دیدی ، فیسٹول کا باضابطہ افتتاح ڈائریکٹرجنرل سپورٹس جنید خان نے کیا ان کے ہمراہ صوبائی ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر سید ظاہر شاہ ، سیکرٹری حاجی ہدایت الله، ایڈمن آفیسر جعفر شاہ ، انٹر نیشنل کھلاڑی یاسر اسلام ، ضیاء الرحمان بنوری ، سجاد رشید سمیت دیگراہم شخصیات موجود تھیں ،ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے تعاون اور صوبائی ہاکی ایسوسی ایشن کے زیراہتمام ہاکی چیلنج کپ لالہ ایوب ہاکی سٹیڈیم میں شروع ہوگیا جس میں 150 سے زائدکھلاڑی دس مختلف ٹیموں میں شرکت کررہے ہیں ،افتتاحی میچ پشاور ٹائیگرز اور پشاور لائنز کے مابین کھیلاگیا جس میں ٹائیگرز کی طرف سے زاہد نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کھیل کے آخری لمحات میںفیلڈ گول کرکے میچ میں ایک صفر سے کامیابی حاصل کی ، چیمپئن شپ 25 ویں رمضان تک جاری رہیگا جس میں روزانہ دو میچز کھیلے جائینگے ۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹرجنرل سپورٹس خیبرپختونخوا جنید خان نے کہا کہ ڈائریکٹریٹ کے زیراہتمام پہلی مرتبہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے فلڈ لائٹ رمضان سپورٹس فیسٹول کا انعقاد کیاجارہا ہے جس میں ہاکی ، فٹبال ، بیڈمنٹن اور ایتھلیٹکس کے مقابلے شامل ہیں جس کا اصل مقصد نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ کھیلوں کی سرگرمیاں مہیا کرنا ہے تاکہ کھلاڑی رمضان میں بھی سپورتس میں مشغول رہے ۔

جنید خان نے کہا کہ ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے اوراس کھیل کے فروغ اور ترقی کیلئے ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس بھرپور اقدامات کررہی ہے ،اور صوبے کے تمام ڈویژن میں ہاکی ٹرف بچھائی جارہی ہے انہوں نے کہا کہ اسلامیہ کالج سمیت کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں ہاکی ٹرف بچھائی جائیں گی۔بنوںاور مردان میں ٹرف کی تنصیب مکمل ہوچکی ہے جس پر ساڑھے آٹھ کروڑ روپے لاگت آئی ہے اسی طرح ڈیرہ اسماعیل خان، کوہاٹ اور چارسدہ میں ٹرف کی تنصیب پر 352.125 ملین روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔85لاکھ روپے کی لاگت سے ٹرف کلیننگ مشنری منگوائی گئی ہے ہر ٹرف گرائونڈ کی الگ مشینری ہو گی جو وہاں مستقل رہے گی جس سے ٹرف کی لائف میں اضافہ ہوگا۔