بلدیہ وسطی میں یوم شہادتِ علی کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی

پلوں کے نیچے ٹرانسپورٹ مافیہ کا قبضہ شہریوں کے لئے پریشانی کا باعث ، محکمہٴ انسدادِ تجاوزات کو ٹرانسپورٹ مافیہ کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت

اتوار 3 جون 2018 18:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2018ء) بلدیہ وسطی میں یومِ شہادتِ علی کے موقع پر صفائی ، روشنی اور امن و امان کی صورتِ حال سے متعلق فول پروف انتظامات کے لئے لائحہ عمل تیار ، چیئرمین بلدیہ وسطی نے متعلقہ بلدیاتی افسران کو ہدایت کی ہے یومِ علی کے موقع پر امام بارگاہوں اور مساجد کے اطراف کے علاوہ جلوس کے راستوں پر صفائی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔

جبکہ گرمی کی شدت کے پیش ِ نظر ہیٹ اسٹروک سے بچائو کے لئے کیمپ بھی جلوس کے راستوں پر لگائے جائیں گے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں گرمی کی شدت سے متاثرہ افراد کو فوری طبی امداددی جاسکے۔دوسری جانب امن و امان کی صورتِ حال کو معمول پر رکھنے کے حوالے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کوبھی آ ن بورڈ لیا جائے گا تاکہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعہ کو رو نما ہونے سے روکا جاسکے۔

(جاری ہے)

اُدھر چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے ضلع وسطی کی حدود میں موجود پلوں کے نیچے ٹرانسپورٹ مافیہ کے ناجائز قبضہ پر شدید احتجاج کرتے ہوئے محکمہٴ انسدادِ تجاوزات کو ہدایت کی ہے کہ پلوں کے نیچے سے ناجائز قبضہ فوری ختم کرایا جائے۔انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ مافیہ کی جانب سے پلوں کے نیچے خالی جگہوں پر قبضہ شہرکی خوبصورتی خراب کرنے کی سازش ہے ۔ جبکہ اِن خالی جگہوں کو دیگر مثبت سرگرمیوں اور بیوٹی فیکیشن کے لئے استعمال کیا جاسکتاہے۔ محکمہٴ انسدادِ تجاوزات کو ہدایت کی گئی ہے کہ ٹرانسپورٹ مافیہ سے پلوں کی جگہوں کو خالی کرانے کے لئے قانونی کارروائی کرنے سے گریز نہ کی جائے۔