دینی مدارس اسلام کے قلعے اور سالمیت پاکستان کی ضمانت ہیں، ڈاکٹرمعراج الہدیٰ

علماء کرام ملک میں شریعت کے نفاذ اور آئندہ انتخابات میں صادق وامین قیادت کی کامیابی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں، صوبائی امیر جماعت اسلامی کا اجتماع سے خطاب

اتوار 3 جون 2018 21:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 جون2018ء) امیرجماعت اسلامی سندھ ڈاکٹرمعراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ علماء کرام منبر ومحراب کے ذریعے ملک میں شریعت کے نفاذ،بدی کے خاتمے اور نیکی کے فروغ کیلئے آئندہ انتخابات میں صادق وامین قیادت کی کامیابی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں،متحدہ مجلس عمل کی قیادت 5جون کو اسلام آباد میں اپنے انقلابی منشور کا اعلان کرے گی اسلامی وخوشحال پاکستان اور دینی اقدار کی حفاظت کیلئے دیندار ودیانتدار قیادت کا برسراقتدار آناناگزیر ہے۔

وہ مقامی ہال میں منقعدہ علماء کرام کے ایک اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر صوبائی نائب امیر ونگراں شعبہ مسجد و مداررس عبدالغفار عمر،محمد حسین محنتی،علماء حزب اللہ جکھرو،مولانا آفتاب ملک اور انیس احمد منصوری بھی موجود تھے،جبکہ اجتماع میں ملک بھر سے آئے ہوئے علماء کرام ومدارس کے مہتمین شریک تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے مزید کہا کہ دینی جماعتوں کا اتحاد امت کی امیدوں کا مرکز ہے،57اسلامی ممالک میں صرف پاکستان کو ہی یہ اعزاز حاصل ہے کہ یہاں متحدہ مجلس عمل کی صورت میں دینی جماعتوں کا اتحاد قیام عمل میں لایا گیا ہے۔

علماء کرام اتحاد امت،نفرتوں کے خاتمے اور اصلاح معاشرہ کیلئے منبر ومحراب کے ذریعے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔صوبائی نائب امیر عبدالغفار عمر نے کہا کہ دینی مدارس اسلام کے قلعے اور سالمیت پاکستان کی ضمانت ہیں،حکومت ان کی سرپرستی کی بجائے غیروں کے اشاروں پر روڑے اٹکاکر دینی مدارس کے علماء اور طلباء کو حراساں کررہی ہے جو افسوس ناک صورتحال ہے۔یہاں مسجد اور مدرسہ بنانے پر تو پابندی ہے مگر فحاشی وعریانی کے اڈے وشراب خانے کھولنے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔