امریکا ، کینیڈا اور ویلز سے تعلق رکھنے والی خواتین سعودی خواتین ڈرائیونگ انسٹرکٹروں کو تربیت دینے کے لیے منتخب

پیر 4 جون 2018 10:10

ریاض ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2018ء) امریکا ، کینیڈا اور ویلز سے تعلق رکھنے والی خواتین کو سعودی عرب میں خواتین ڈرائیونگ انسٹرکٹروں کو تربیت دینے کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے۔العربیہ ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق ویلش خاتون سوسان نیو بان ، کینیڈین ڈیبورا شیر وڈ اور امریکی نرما ایڈریان زین 24 جون سے سعودی عرب میں خواتین کو تربیت دے سکیں گی۔

یہ خواتین دو سال تک سینیر معائنہ کار کے طور پر کام کریں گی۔

(جاری ہے)

وہ نئی سعودی خواتین ٹرینرز کو تربیت دیں گی۔سعودی عرب میں اب تک تقریباً آٹھ ہزار خواتین ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر چکی ہیں۔ مملکت کے پانچ شہروں میں ڈرائیونگ اسکول قائم کیے گئے ہیں۔ان سکولوں میں بیرون ممالک سے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے والی سعودی خواتین اپنی ہم وطنوں کو کاریں چلانے کی تربیت دیں گی۔واضح رہے کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ستمبر 2017ء میں گذشتہ کئی عشروں سے خواتین کی ڈرائیونگ پر عائد پابندی 24 جون 2018ء سے ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔