تیونس میں کشتی ڈوبنے سے یورپ جانے والے 50 مہاجرین جاں بحق

�اشیں نکال لی گئیں،68کو بچالیاگیا، کوسٹ گارڈ اور نیوی اہلکار فوجی جہاز کی مدد سے سرچ آپریشن میں مصروف

پیر 4 جون 2018 14:00

تیونس سٹی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2018ء) تیونس کی سمندری حدود میں غیر قانونی طور پر یورپ جانے والے مہاجرین کی کشتی ڈوبنے سے 50 افراد جاں بحق ہوگئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق تیونس کے حکام نے بتایاکہ ملک کے جنوبی شہر صفاقس کے قریب سمندر سے 47 لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ 68 افراد کو بچالیا گیا ہے۔وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ کوسٹ گارڈ اور نیوی اہلکار فوجی جہاز کی مدد سے تلاش میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن کے ترجمان کا سوشل میڈیا میں اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ 70 سے زائد افراد کو بچالیا گیا ہے جبکہ لاپتہ افراد کے حولے سے تاحال کچھ حتمی طور پر کچھ معلوم نہیں ہے۔تیونس کے ریڈیو کو حادثے میں بچ جانے والے ایک مہاجر نے بتایا کہ کشتی میں ہم 180 کے قریب افراد سوار تھے جو خرابی کے باعث ڈوب گئی۔خیال رہے کہ تیونس کے شہریوں سمیت دیگر مہاجرین بہتر مستقبل کے لیے سمندری راستے سے یورپ داخل ہونے کی مسلسل کوششیں کرتے ہیں۔رواں سال مارچ میں اٹلی جانے والے تیونس کے 120 افراد کو نیوی نے بچالیا تھا۔