سٹیل اور ایلمونیئم پر نیا ٹیکس لگائے جانے پر تشویش ہے، ریپبلکن سینیٹرز

پیر 4 جون 2018 15:50

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2018ء) امریکا کے ریپبلکن سینیٹروں نے صدر ٹرمپ کی جانب سے سٹیل اور ایلمونیئم پر نیا ٹیکس لگائے جانے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی سینیٹ میں اکثریتی دھڑے کے سربراہ میچ مک کونل نے امریکی صدر ٹرمپ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نئے ٹیکسوں کے معاملے میں عالمی جنگ شروع کرنے سے دستبردار ہوجائیں۔

انھوں نے کہا کہ ٹرمپ کے اقدامات ایک بڑی تجارتی جنگ کے آغاز کا باعث بن سکتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ اس طرح ٹیکس لگانے سے امریکی معیشت اور اقتصادی ترقی پر اثر بھی پڑ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کے یکطرفہ اقدامات دیگر ملکوں کے لئے اشتعال انگیز ثابت ہو رہے ہیں جس کے نتیجے میں ان ممالک کی جانب سے جوابی اقدامات کا خدشہ بڑھتا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

امریکی کانگریس کے سپیکر پاؤل ریان نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ ٹرمپ کے نئے ٹیکس اقدام کے خلاف ہیں۔

نبراسکا سے ریپبلکن سینیٹر بین ساس نے بھی ٹرمپ کے اقدام کو غیر منطقی قرار دیا ہے۔ریپبلکن رکن باب کورکر نے بھی کہا ہے کہ ٹیکس کے سلسلے میں ٹرمپ اپنے اختیارات کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔امریکا کے ریپبلکن اراکین کی جانب سے ٹرمپ کے ایسے تجارتی اقدامات پر بارہا تشویش کا اظہار کیا گیا ہے کہ جن سے کانگریس کے ضمنی انتخابات سے قبل معاشی مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :