ٹیلی نار پاکستان نے انڈسٹری کی اولین کسٹمر انٹگریشن لیب کے ذریعے صارفین کو مزید بااختیار بنادیا

پیر 4 جون 2018 16:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2018ء) ٹیلی نار پاکستان نے اپنے کیمپس 345پر انڈسٹری کی اولین کسٹمر انٹگریشن لیب(Customer Integration Lab) قائم کردی ہے۔ اپنی مصنوعات اور خدمات کی مسلسل بہتری کے لیے صارفین کی آراء اور تجاویز کو نئی کسٹمر انٹگریشن لیب کے ذریعے بہتر طور پر بروئے کارلاکر ٹیلی نار پاکستان صارفین کو ہمیشہ سب سے مقدم رکھنے والے ادارے کی پہچان کو مزید مستحکم کرے گا۔

پاکستان کی ٹیلی کام انڈسٹری میں پہلی مرتبہ ٹیلی نار پاکستان اپنے ہیڈ کوارٹر 345میں واقع ان ہاؤس لیب میںمنتخب صارفین کو اپنی مصنوعات اور خدمات کی آزمائش کا موقع فراہم کرے گا۔ کسٹمر انٹگریشن لیب میں کی گئی آزمائش سے حاصل شدہ تجربات کو مسائل کی نشاہدہی ، مصنوعات و خدمات کی بہتری اور اختراعی تجاویزکے حصول کے لیے استعمال کیا جائے گا جن سے صارفین کو مزید بااختیار بنانے کے لیے باسہولت اور معیاری مصنوعات اور خدمات فراہم کی جا سکیں گی۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے ٹیلی نار اپنی مصنوعات اور خدمات کی ٹیسٹنگ تھرڈ پارٹی ایجنسیوں کی مدد سے بیرونی طور پر انجام دیتا رہا ہے لیکن اب اندرونی طور پر اس سہولت کی دستیابی سے کمپنی کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوگا اور زیادہ سے زیادہ صارفین کی آراء اور تجاویز کا حصول یقینی بنایا جائے گا تاکہ ٹیلی نار پاکستان کی مصنوعات اور خدمات تیار کرنے والے براہ راست صارفین کی آراء سن سکیں۔

خیالات کے تبادلے پر مشتمل آزمائشی عمل سے ٹیلی نار پاکستان کو مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ ایسی مصنوعات اور خدمات کی تیاری میں مدد ملے گی جو صارفین کی بدلتی ہوئی ضروریات کے عین مطابق ان کے کام آسکیں۔مصنوعات اور خدمات مثلاً ڈیجیٹل سروسز ، موبائل ایپلی کیشنز ، ویب سائٹس اور سروسز پورٹل اور جی ایس ایم مصنوعات مثلاً یو ایس ایس ڈی مینیوز، ٹچ پوائنٹس، اور یوزر جرنیز کی آزمائش کے لیے صارفین کو ٹیلی نار پاکستان کے متعلقہ شعبوں کی جانب سے فراہم کردہ پروفائل کی بنیاد پر ایک تھرڈ پارٹی منتخب کرے گی۔

منتخب شدہ صارفین کو ٹیلی نار پاکستان کی کسٹمر انٹگریشن لیب میں مدعو کیا جائے گا جہاں انھیں مصنوعات و خدمات استعمال کے لیے فراہم کی جائیں گی جس کے بعد وہ اپنی آراء سے آگاہ کرسکیں گے۔ مختلف شعبہ جات کی ضرورت کی بنیاد پر صارف کانفرادی طور پر انٹریو کیا جاسکتا ہے یا فوکس گروپ تشکیل دیا جاسکتا ہے تاکہ مطلوبہ پراڈکٹ یا سروس سے متعلق فیڈ بیک حاصل کیا جاسکے۔

لیب ٹیلی نار کے تمام شعبوں کے ملازمین کے لیے ان کی مصنوعات اور خدمات کی انٹرایکٹیو ٹیسٹنگ کے لیے کھلی رہے گی۔ -ٹیلی نار پاکستان کے چیف مارکیٹنگ آفیسر بلال کاظمی نے اس متعلق تبصرہ کرتے ہوئے کہا: ’’ٹیلی نار پاکستان کے تمام اقدامات میں صارفین کی سہولت کو مرکزیت حاصل ہے۔ ٹیلی نار پاکستان کی جانب سے متعارف کرائی گئیں انڈسٹری کی صف اول کی مصنوعات اور خدمات کی وسیع رینج صرف اور صرف صارفین کو بہتر طور پر سمجھنے اور ان کی بدلتی ہوئی ضروریات کو پوری کرنے کے ذریعے ممکن بنائی جاسکی ہے۔

کسٹمر انٹگریشن لیب کے ذریعے اپنے صارفین کو مصنوعات کی تیاری، آزمائش اور تجاویز کے حصول کے عمل میں براہ راست شامل کرنے کا مقصد انہیں بہترین سہولیات فراہم کرنا ہے۔ ‘‘صارفین کے تجربے میں انقلابی تبدیلیاں لانا ٹیلی نار پاکستان کے لیے ایک ترجیحی عمل ہے۔ ٹیلی نار پاکستان نے ملک بھر میں اپنے جدید ترین 289واک اِن سینٹرز، سوشل میڈیا کسٹمر کیئر، بڑے شہروں میں24/4سیلف سروس بوتھس کے قیام اور کسٹمر فرسٹ ڈے پر دفاتر سے نکل کر صارفین سے گھلنے ملنے جیسے اقدامات کے ذریعے اپنے ہر عمل میں صارفین کو مقدم رکھنے کی مثال قائم کی ہے۔