پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ن) کی جانب سے امیدواروں کا چنائو کر لیا گیا ہے، این ای15- پر ڈیڈلاک برقرار

پیر 4 جون 2018 20:50

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2018ء) پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ن) کی جانب سے امیدواروں کا چنائو کر لیا گیا ہے۔ این ای15- پر ڈیڈلاک برقرار ہے۔ اس ضمن میں ذرائع نے صحافیوں کو بتایا کہ تحریک انصاف کی جانب سے آئندہ عام انتخابات کیلئے امیدواروں کا چنائو کرلیا گیا ہے، حلقہ این اے 16- کیلئے علی خان جدون، پی کے 36 کیلئے نذیر عباسی، پی کے 37 کیلئے سردار وقار نبی، پی کے 38 کیلئے قلندر لودھی اور پی کے 39 کیلئے مشتاق غنی کے نام فائنل کر لئے گئے ہیں۔

نذیر عباسی جن کو پی ٹی آئی نے ڈی سیٹ کرنے کیلئے تین سال کا وقت لگایا، کو اب صوبائی اسمبلی کا الیکشن لڑنے کیلئے ٹکٹ دیدیا گیا ہے۔ حلقہ این اے 16 کیلئے علی اصغرخان نے بھی ٹکٹ کیلئے اپلائی کیا تھا تاہم آخری اطلاعات کے مطابق پی ٹی آئی کے پارلیمانی بورڈ نے علی اصغر خان کو حلقہ این اے 15 سے ٹکٹ دینے کی پیشکش کی ہے جو انہوں نے قبول نہیں کی۔

(جاری ہے)

علی اصغر خان کا مطالبہ ہے کہ حلقہ این اے 15- کا ٹکٹ سردار شیر بہادر کو دیا جائے تاہم آخری اطلاعات کے مطابق حلقہ این اے 15- پر ڈیڈلاک برقرار ہے، اگر یہ مسئلہ پارلیمانی بورڈ میں حل نہ ہوا تو علی اصغر خان، علی خان جدون کے مدمقابل آزاد حیثیت سے الیکشن لڑیں گے اور دونوں کے مابین کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔ دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ نے حلقہ پی کے 37 کیلئے سابق ایم پی اورنگزیب نلوٹھہ، پی کے 38 کیلئے سابق ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی، پی کے 39 کیلئے عنایت الله خان جدون کے نام فائنل کر لئے ہیں۔

حلقہ این اے 16- پر پی ٹی آئی کی جانب سے علی خان جدون کو ٹکٹ دیئے جانے کی صورت میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے نان جدون کو ٹکٹ دیئے جانے کی حکمت عملی بھی تیار کی گئی ہے۔ حلقہ این 15- کیلئے مسلم لیگ (ن) کسی نتیجہ پر نہیں پہنچ سکی ہے کیونکہ اس سیٹ پر سردار مہتاب اور مرتضیٰ جاوید عباسی الیکشن لڑنے پر بضد ہیں۔ ذرائع کے مطابق علی خان جدون اور سردار وقار نبی جنہوں نے ضلعی نظامت اور نائب نظامت بھی لے رکھی ہے اور الیکشن میں حصہ لینے کی صورت میں انہیں اپنے عہدوں سے بھی دستبردار ہونا پڑے گا۔

ذرائع کے مطابق اگلے ضلع ناظم کیلئے سابق ایم پی اے نثار صفدر خان اور نائب ناظم کیلئے کرنل (ر) سردار شبیر کے نام بھی فائنل کر لئے گئے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی اپنے اپنے امیدواروں کے حتمی ناموں کا اعلان 6 جون کو کرے گی۔