پی ٹی آئی کے اندر پگڑیاں اچھالنے کا موسم آ چکا ہے، اس لئے شاہ محمود قریشی کو چاہیے کہ اپنی پارٹی کے اجلاس میں ہلمٹ پہن کر جایا کریں

پارٹی جنوبی پنجاب کے سیکریٹری اطلاعات اور سابق صوبائی وزیر شوکت محمود بسرا کی صحافیوں سے بات چیت

پیر 4 جون 2018 22:51

اسلام آباد) آئی این پی)پاکستان پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے سیکریٹری اطلاعات اور سابق صوبائی وزیر شوکت محمود بسرا نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے اندر پگڑیاں اچھالنے کا موسم آ چکا ہے اس لئے شاہ محمود قریشی کو چاہیے کہ اپنی پارٹی کے اجلاس میں ہلمٹ پہن کر جایا کریں۔ میڈیا آفس میں صحافیوں کے گروپ سے بات چیت کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے لوگ سادہ ضرور ہیں مگر با شعور ہیں۔

(جاری ہے)

ان کو احساس ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ جنوبی پنجاب کو باوقار عہدے دئیے ہیں اور پیپلزپارٹی ہی جنوبی پنجاب کو صوبہ بنائے گی۔ شوکت محمود بسرا نے کہا کہ کچھ بھگوڑے جنوبی پنجاب کی سیاست کرنا چاہتے ہیں مگر جب پاکستان پیپلزپارٹی نے جنوبی پنجاب کی بات کی تھی تو وہ مخالفت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پی ٹی آئی کا روحانی گُرو ایک ہے۔ جنوبی پنجاب میں نہ ن لیگ کے لئے کوئی جگہ ہے اور نہ ہی پی ٹی آئی کے لئے کیونکہ یہ دونوں جماعتیں استحصالی ٹولوں کی پیداوارہیں