پی ٹی آئی کے اندر پگڑیاں اچھالنے کا موسم آ چکا ہے،شوکت بسرا

کچھ بھگوڑے جنوبی پنجاب کی سیاست کرنا چاہتے ہیں،صحافیوں سے بات چیت

پیر 4 جون 2018 23:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے سیکریٹری اطلاعات اور سابق صوبائی وزیر شوکت محمود بسرا نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے اندر پگڑیاں اچھالنے کا موسم آ چکا ہے اس لئے شاہ محمود قریشی کو چاہیے کہ اپنی پارٹی کے اجلاس میں ہلمٹ پہن کر جایا کریں۔ میڈیا آفس میں صحافیوں کے گروپ سے بات چیت کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے لوگ سادہ ضرور ہیں مگر با شعور ہیں۔

(جاری ہے)

ان کو احساس ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ جنوبی پنجاب کو باوقار عہدے دئیے ہیں اور پیپلزپارٹی ہی جنوبی پنجاب کو صوبہ بنائے گی۔ شوکت محمود بسرا نے کہا کہ کچھ بھگوڑے جنوبی پنجاب کی سیاست کرنا چاہتے ہیں مگر جب پاکستان پیپلزپارٹی نے جنوبی پنجاب کی بات کی تھی تو وہ مخالفت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پی ٹی آئی کا روحانی گُرو ایک ہے۔ جنوبی پنجاب میں نہ ن لیگ کیلئے کوئی جگہ ہے اور نہ ہی پی ٹی آئی کے لئے کیونکہ یہ دونوں جماعتیں استحصالی ٹولوں کی پیداوار ہیں۔