لاہور ہائیکورٹ، مذہبی تنظیم کے دھرنے کو بروقت ختم نہ کرانے کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر جواب طلب

منگل 5 جون 2018 00:05

لاہور۔4 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے داتا دربار کے باہر مذہبی تنظیم کے دھرنے کو بروقت ختم نہ کرانے کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم سے جواب طلب کر لیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے سول سوسائٹی کے رکن عبداللہ ملک کی درخواست پر سماعت کی جس میں نشاندہی کی گئی کہ مذہبی تنظیم نے داتا دربار کے باہر دھرنا دیا جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

درخواست گزار نے بتایا کہ عدالت کے حکم کے باوجود دھرنا وقت پر ختم نہیں ہوا۔ عدالتی حکم کی روشنی میں درخواست گزار نے ایڈیشنل ہوم سیکرٹری سے رجوع کیا لیکن درخواست گزار کی کوئی شنوائی نہیں ہوئی، درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالتی احکامات پر عمل نہ کرنے پر ایڈیشنل ہوم سیکرٹری پنجاب کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے۔