مصری صدر اور اردنی فرمانروا کا ٹیلی فونک رابطہ ، قضیہ فلسطین پر بات چیت

مشترکہ مسائل کے حل کے لیے مشاورت،ہم آہنگی میں اضافے ،تزویراتی تعلقات کو مستحکم کرنے پربھی اتفاق کیاگیا

منگل 5 جون 2018 15:36

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2018ء) مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی اور اردنی فرمانروا شاہ عبداللہ دوم نے ٹیلیفون پر بات چیت کی اور دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کیاہے۔

(جاری ہے)

عرب ٹی وی کے مطابق مصری ایوان صدر کے ترجمان بسام راضی نے بتایا کہ صدر السیسی اور اردنی فرمانروا کے درمیان ہونے والی بات چیت میں دونوں برادر ملکوں کے تعلقات میں مزید بہتری، علاقائی مسائل، خطے کے بحرانوں اور قضیہ فلسطین پر تفصیلی بات چیت کی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کی سربراہ قیادت نے مشترکہ مسائل کے حل کے لیے مشاورت اورہم آہنگی میں اضافے اور تزویراتی تعلقات کو مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔خیال رہے کہ اردنی فرمانروا اور مصری صدر کے درمیان ٹیلیفون پر ایک ایسے وقت میں رابطہ ہوا ہے جب اردن داخلی سطح پر سخت عوامی دباؤ سے گذر رہا ہے۔ حکومت کی طرف سے نئے ٹیکسوں کے نفاذ پر عوام سڑکوں پر ہیں اور بادشاہ سلامت کو وزیراعظم کو عوامی احتجاج کے بعد برطرف کرنا پڑا ہے۔