رمضان کے آخری عشرے کے لیے مکہ کی فضائی سکیورٹی کے سخت انتظامات

رمضان المبارک کے لیے سکیورٹی کے طے شدہ منصوبے پر عمل درآمد کیا جارہا ہے،سول ایوی ایشن

منگل 5 جون 2018 16:33

مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2018ء) سعودی عرب نے مکہ مکرمہ میں رمضان المبارک کے آخری عشرے کے لیے سکیورٹی کے مزید سخت اور موثر انتظامات کیے ہیں اور مسجد الحرام اور اس کی جانب جانے والے تمام راستوں کی فضائی سکیورٹی اور نگرانی بڑھا دی ہے۔سکیورٹی فورسز کے ہیلی کاپٹر مسلسل فضا میں گشت کررہے ہیں۔عرب ٹی وی کے مطابق ایوی ایشن سکیورٹی کے جنرل کمانڈر بریگیڈیئر جنرل حسن آل بسام نے بتایا کہ رمضان المبارک کے لیے سکیورٹی کے طے شدہ منصوبے پر عمل درآمد کیا جارہا ہے۔

مسجد الحرام میں آنے والے تمام زائرین پر نظر رکھی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ رمضان کے آخری عشرے کے دوران میں زائرین کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر سکیورٹی انتظامات بھی زیادہ موثر بنائے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

مکہ مکرمہ کی فضائی حدود میں ہیلی کاپٹروں کے ذریعے نگرانی بڑھا دی گئی ہے اور شہر کے مرکزی حصے اور اس کی جانب جانے والی شاہراہوں کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے۔

بریگیڈیئر جنرل حسن نے بتایا کہ مکہ کی فضاؤں میں پرواز کرنے والے طیاروں اور ہیلی کاپٹروں میں نگرانی کے جدید آلات نصب ہیں۔وہ سکیورٹی تنصیبات اور ٹریفک پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔وہ سکیورٹی مشنوں کے علاوہ مختلف انسانی امدادی کام بھی کررہے ہیں اور وہ تمام سرکاری اداروں کو لاجسٹیکل امداد مہیا کررہے ہیں۔وہ کسی ہنگامی صورت میں امدادی سرگرمیاں انجام دیتے ہیں اور انھیں وقتِ ضرورت فضائی ایمبولینس کے طور پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔