دنیا عالمی کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کے بخار میں مبتلا

اکیسواں عالمی کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کے شروع ہونے میں 7 دن باقی، میگا ایونٹ 14 جون سے روس میں شروع ہوگا، میگا ایونٹ کے کامیاب انعقاد کیلئے تیاریاں عروج پر، جرمنی اپنے اعزاز کا دفاع کریگا، 32 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے ایکشن میں نظر آئینگی

بدھ 6 جون 2018 12:06

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2018ء) اکیسواں عالمی کپ فٹ بال ٹورنامنٹ 2018 ء 14 جون سے روس میں شروع ہوگا اور ورلڈ کپ فٹ بال کا سحر دنیا پر طاری ہوتا جا رہا ہے، میگا ایونٹ کا آغاز ٹھیک 7دن بعد ہوگا اور جوں جوں میگا ایونٹ کے شروع ہونے والا دن قریب آتا جا رہا ہے، شائقین میں اس کا جوش و خروش بڑھتا جا رہا ہے، عالمی کپ کا پہلا میچ میزبان روس اور سعودی عرب کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائیگا۔

ٹورنامنٹ انتظامیہ کے مطابق میگا ایونٹ سے قبل افتتاحی تقریب کا انعقاد بھی کیا جائیگا جس کو دیاگار بنانے کیلئے سینکڑوں فن کار دن رات تیاریوں میں مصروف ہیں اور میگا ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں عروج پر ہیں، توقع کی جارہی ہے کہ میگاایونٹ کو دیکھنے کیلئے ہزاروں شائقین روس کا رخ کرینگے جن کے لئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جارہے ہیں، جرمنی کی ٹیم میگا ایونٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع کریگی۔

(جاری ہے)

ایک ماہ تک جاری رہنے والے فٹ بال کے میگا ایونٹ میں دنیا بھر سے 32 ٹاپ ٹیمیں شرکت کرینگی جنھیں 8 مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ ایونٹ میں گروپ ایف میں عالمی چیمپیئن جرمنی کو رکھا گیا ہے۔ میگا ایونٹ میں شرکت کرنے والی 32ٹیموں میں گروپ اے میں روس، سعودی عرب، مصر اور یوراگوئے، گروپ بی میں پرتگال، سپین، مراکش اور ایران، گروپ سی میں فرانس، آسٹریلیا، پیرو اور ڈنمارک، گروپ ڈی میں ارجنٹائن، آئس لینڈ، کروشیا اور نائیجریا، گروپ ای میں برازیل، سوئٹزرلینڈ، کوسٹاریکا اور سربیا، گروپ ایف میں دفاعی چیمپیئن جرمنی، میکسیکو، سویڈن اور جنوبی کوریا، گروپ جی میں بیلجیئم، پانامہ، تیونیسیا اور انگلینڈ اور گروپ ایچ میں پولینڈ، سینیگال، کولمبیا اور جاپان شامل ہیں۔