سیکرٹری ہائر ایجوکیشن نے درجہ چہارم کی غیر قانونی بھرتیوں میں ملوث افسران کیخلاف

کارروائی کیلئے سمری وزیر اعلیٰ پنجاب کو ارسال کردی

بدھ 6 جون 2018 17:56

لاہور۔6 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2018ء) سیکرٹری ہائر ایجوکیشن پنجاب نے درجہ چہارم کی غیر قانونی بھرتیوں میں ملوث تین سینئر افسران کیخلاف پیڈا کے تحت کارروائی کیلئے سمری وزیر اعلیٰ پنجاب کو ارسال کردی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ڈی پی آئی کالجزآفس میں نائب قاصد، مالی، چوکیدار، ماشکی، ڈرائیور اور جونیئر کلرک کی آسامیوں پربھرتیوں میں بے ضابطگیوں پر سیکرٹری ہائر ایجوکیشن کی طرف سے تحقیقات کیلئے تین رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دی تھی، محکمہ تعلیم کے ذرائع نے ’’اے پی پی‘‘ کوبتایا کہ انکوائری کمیٹی نے درجہ چہارم کی بھرتیوں کی شفاف طریقے سے مانیٹرنگ نہ کرنے پر ایڈیشنل ڈی پی آئی کالجزمحمد جہانگیر، ڈائریکٹر ایڈمن امان اللہ خان اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کیخلاف کارروائی کرنے ، تمام بھرتیاں واپس لینے اور دوبارہ بھرتی کی سفارش کی تھی، ذرائع کے مطابق انکوائری رپورٹ کی سفارشات کی روشنی میں سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے گریڈ20کے افسران کیخلاف پیڈا کے تحت کارروائی کیلئے سمری وزیر اعلیٰ پنجاب کو بھجوادی ، وزیر اعلیٰ پنجاب کی منظوری کے بعد مذکورہ افسران کیخلاف پیڈا کے تحت باقاعدہ کارروائی شروع کردی جائیگی۔