دعاؤں کے سبب انسان بڑی بڑی مصیبتوں سے محفوظ رہتا ہے، علامہ محمد الیاس قادری

بدھ 6 جون 2018 22:47

دعاؤں کے سبب انسان بڑی بڑی مصیبتوں سے محفوظ رہتا ہے، علامہ محمد الیاس ..
کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2018ء) امیر اہل سنت حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت برکاتہم العالیہ نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے رہنا چاہئے کیونکہ وہ دعاوں کوقبول فرماتا ہے ، دعا مانگنے کی بدولت اللہ تعالیٰ بندے کو بڑی مصیبت سے محفوظ فرماتا ہے اگر دعا قبول نہ بھی ہو تو ہمت نہ ہاریں ہوسکتا ہے جو آپ مانگ رہے ہوں وہ آپ کے حق میں بہتر نہ ہو،دعا مانگنا ترک نہیں کرنا چاہئے اگر ہماری اللہ پاک سے مانگی گئی دعاوں کا دنیا میں اثر ظاہر نہ بھی ہوا تو اس کی برکت سے آفتیں بلائیں دور ہوجائیں گی ،یا بروز قیامت اس کا اجر دیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکاء اعتکاف سے بیان کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپنی نظر کی حفاظت کریں کیونکہ یہ دل میں شہوت کا بیج بوتی ہے،نگاہ نیچی رکھیں گے تو سینہ صاف اور دل بہت سی برائیوں سے محفوظ اور پرسکون ہوجائے گا ،جو غیر ضروری اشیاء کی طرف نظر نہیں کرے گا تو وہ عبادت میں لذت پائے گا جو اس سے پہلے اسے کبھی نہ ملی ہوگی یہ مجرب نسخہ ہے اسے وہی جان سکتا ہے جو اس پر پوری طرح عمل کرے گا،جہاں ضرورت ہو وہاں دیکھیں بلاضرورت ادھر ادھر دیکھنے سے بچیں۔

(جاری ہے)

امیر اہل سنت نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک کے لمحات فضولیات میں نہ گزاریں،فضول گفتگو اور کھیل کود میں مشغول ہونے کی بجائے عبادت کی جائے یا آرام کرلیا جائے اور آرام بھی اس نیت سے کریں کہ اٹھ کر خشوع وخضوع کیساتھ عبادت کروں گا تو اس طرح سونا بھی کار ثواب بن سکتا ہے۔