متنازعہ امریکی سفیر کی جرمنی سے ملک بدری کے مطالبے میں شدت

جمعرات 7 جون 2018 11:04

برلن۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جون2018ء) جرمنی میں کئی اہم رہنما چانسلرانجیلا مرکل کی حکومت کو برلن تعینات متنازعہ امریکی سفیر رچرڈ گرینل کو ملک بدر کر نے کا مطالبہ کرنے والوں میں شامل ہو گئے ہیں۔ گرینل پر جرمنی اور یورپ کی داخلی سیاست میں مداخلت کا الزام ہے۔

(جاری ہے)

جرمن دارالحکومت برلن سے ملنے والی فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق جرمنی میں تعینات امریکی سفیر رچرڈ گرینل سیاسی طور پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی اتحادی اور معتمد ہیں تاہم ان پر الزام ہے کہ وہ سیاسی اور سفارتی حوالے سے اپنے عہدے کی غیر جانبدارانہ نوعیت کے تقاضوں کے برعکس کئی بار جرمنی اور یورپ کی داخلی سیاست میں مداخلت کے مرتکب ہوئے ہیں۔

امریکی سفیر گرینل کی جرمن اور بالواسطہ طور پر یورپی داخلی سیاست میں مبینہ مداخلت جرمن اور یورپی سیاستدانوں کو اس لیے بھی ناگوار گزری ہے کہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدے اور پھر امریکا اور یورپی یونین کے مابین تجارتی محصولات کے تنازعے سمیت کئی شعبوں میں پائے جانے والے اختلافات کے باعث یورپی امریکی تعلقات پہلے ہی سے کھچاؤ کا شکار ہیں۔یہی وجہ ہے کہ اب جرمنی میں خاص کر یہ مطالبات زور پکڑتے جا رہے ہیں کہ جرمن حکومت کو رچرڈ گرینل کو ملک بدر کر دینا چاہیے۔