ویمن ٹی ٹونٹی کرکٹ، پاکستان نے ملائیشیا کو انتہائی بڑے مارجن سے شکست دےدی

پاکستان اگلا میچ 9 جون کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گا

جمعرات 7 جون 2018 12:18

ویمن ٹی ٹونٹی کرکٹ، پاکستان نے ملائیشیا کو انتہائی بڑے مارجن سے شکست ..
 کوالالمپور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7 جون 2018 ء) ویمن ایشیا ءکپ ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان نے ملائیشیا ءکو 147 رنز سے شکست دے دی ، ایونٹ میں پاکستان اگلا میچ 9 جون کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گا۔کینارا اکیڈمی اوول ،کوالالمپور میں جاری ویمن ایشیاءکپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان ویمن ٹیم نے اپنے چوتھے میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور میزبان ملائیشیا ءکو 147 رنز سے آﺅٹ کلا س کر دیا ۔

پاکستان ویمن ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہو ئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز بنائے ،کپتان بسمہ معروف نے 37 گیندوں پر 6چوکوں کی مدد سے62اور ندا ڈار نے 27گیندوں پر3چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے41 رنز کی اننگز کھیلی۔ ثنا ءمیر 14 اور نین عابدی 9 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان ٹیم کی باﺅلروں نے بھی ملائیشیا ءکی ایک نہ چلنے دی اور انہیں کسی موقع پر کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔

ملائیشیا ءکی پوری ٹیم 19 ویں اوور میں صرف 30 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔پاکستانی باﺅلر ندا ڈار نے ایک بار پھر شاندار باﺅلنگ کا مظاہرہ کیا اور 5 رنز دیکر چار کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ ندا ڈار مسلسل دوسرے میچ میں پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔ملائیشیاءکے خلا ف اس کامیابی کے بعد پاکستانی ٹیم گروپ میں 2.602کے شاندار نیٹ رن ریٹ کے ساتھ پہلے نمبر پر آگئی ہے،قومی ٹیم اب9جون کو روایتی حریف بھارت کے مد مقابل آئے گی ،پاکستان دو مرتبہ ویمنز ایشیاءکپ کا فائنل کھیل چکا ہے ،ویمنز ایشیاءکپ ملائیشیاءکے دارلحکومت کوالمپور میں ایشین کرکٹ کونسل کے تحت کھیلا جارہا ہے جس میں پاکستان، بھارت ،میز بان ملائیشیائ،بنگلہ دیش ، سری لنکا اور تھائی لینڈ کی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔