چیف جسٹس کا تارکین وطن کو ووٹ کی سہولت دینے سے متعلق کیس میں ٹاسک فورس کی رپورٹ کو پبلک کرنے کا حکم

جمعرات 7 جون 2018 14:03

چیف جسٹس کا تارکین وطن کو ووٹ کی سہولت دینے سے متعلق کیس میں ٹاسک فورس ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 جون2018ء) چیف جسٹس آف پاکستان نے تارکین وطن کو ووٹ کی سہولت دینے سے متعلق کیس میں ٹاسک فورس کی رپورٹ کو پبلک کرنے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دئیے ہیں کہ میری کوشش تھی تارکین وطن کو یہ سہولت مل جائے‘یہ درست ہے کہ فی الحال یہ کام ممکن نہیں‘ اس وقت یہ کام کرنے سے بڑے پیمانے پرنقصان ہوسکتا ہے۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں بنچ نے تارکین وطن کوووٹ کاحق دینے سے متعلق کیس کی سماعت کی، دوران سماعت چیف جسٹس پاکستان نے استفسار کیا کہ تارکین وطن کو ووٹ کی سہولت دینے کے معاملے کاکیاہوا ،اس پر وکیل نے کہا کہ لگتا ہے اس الیکشن میں تارکین وطن کوووٹ کی سہولت نہیں مل سکتی۔چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ یہ درست ہے کہ فی الحال یہ کام ممکن نہیں،میری کوشش تھی تارکین وطن کو یہ سہولت مل جائے، اس وقت یہ کام کرنے سے بڑے پیمانے پرنقصان ہوسکتا ہے۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ تارکین وطن کوانتخابات میں ووٹنگ کی سہولت نہیں مل سکتی،آن لائن سسٹم پرمزیدکام کرنے کی ضرورت ہے،چیف جسٹس ثاقب نثارنے کہا کہ ٹاسک فورس کی رپورٹ کو پبلک کیاجائے،ضمنی انتخابات میں ای ووٹنگ کاجائزہ لیا جاسکتا ہے، عدالت نے کیس کی سماعت غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔