یمن میں سکیورٹی واقعات اور دھمکیوں کے بعد ریڈکراس کے 71 ملازمین کا انخلاء

جمعہ 8 جون 2018 10:30

جنیوا۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2018ء) بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی ( آئی سی آر سی) نے جنگ زدہ ملک یمن سے اپنے عملہ کے 71 ارکان کو ان کے تحفظ کے پیش نظر واپس بلا لیا ۔عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق ریڈکراس نے یمن جنگ کے تمام فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ اس کے عملہ کو سکیورٹی کی ضمانت دیں تاکہ وہ اس جنگ زدہ ملک میں طبی خدمات ، زیر حراست افراد سے ملاقاتوں ، متاثرین تک صاف پانی کی بہم رسانی اور امدادی خوراک مہیا کرنے کی سر گرمیاں جاری رکھ سکے۔

(جاری ہے)

ریڈکراس نے اپنی ویب سائٹ پر جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ اب ہم خطرناک رجحانات دیکھ رہے ہیں۔ ہماری موجودہ سرگرمیاں کو روکنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔حالیہ ہفتوں کے دوران میں براہِ راست دھمکیاں دی گئی ہیں، حملے کئے گئے ہیں اور ہماری تنظیم کو اس تنازع میں کھینچنے کی کوشش کی گئی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ یمن میں عملہ کی سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے اور اس پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوسکتا۔بین الاقوامی ریڈکراس کمیٹی کے ترجمان کے مطابق یمن میں اس وقت عملہ کے 450 ارکان کام کررہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :