دُبئی: دیدہ دلیر شخص نے جعلی سرکاری ویب سائٹ بنا ڈالی

پولیس نے گرفتار کر کے ویب سائٹ بند کر دی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 8 جون 2018 16:12

دُبئی: دیدہ دلیر شخص نے جعلی سرکاری ویب سائٹ بنا ڈالی
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 8 جُون 2018ء) دُبئی پولیس نے ایک عربی کو دُبئی حکومت کی جعلی ویب سائٹ بنانے پر گرفتار کر لیا۔ ملزم سوشل میڈیا پراُن لوگوں کو ٹارگٹ بنا کر اپنی ویب سائٹ کی تشہیر کر رہا تھا جو دُبئی میں رہائشی ویزہ کے خواہش مند تھے‘ جبکہ اس سہولت کے بدلے اُن سے بھاری رقم کا تقاضا کیا جا رہا تھا۔ دُبئی پولیس کے جرائم کی تفتیش کے شعبہ کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر سالم الرُومیدی نے بتایا کہ پولیس کو باوثوق ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ کہ ایک فرد دُبئی کے محکمہ ریزیڈنسی اور فارن افیئرز کے جعلی لِنک سے ویب سائٹ چلا رہا ہے۔

اس اطلاع پر پولیس کے ایک اہلکار نے خود کو رہائشی ویزہ کا خواہش مند ظاہر کر کے ملزم سے رابطہ کیاجس نے رہائشی ویزہ کے لیے مطلوبہ دستاویز اور کام کے بدلے میں رقم کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

جس کے بعد پولیس اہلکار ملزم سے مقرر کی گئی جگہ پر مِلا اور وہاں اُسے گرفتار کر لیا گیا۔ تفتیش سے پتا چلا کہ ملزم رہائشی ویزہ کی سروس مہیا کرنے اور رقوم کی منتقلی میں ڈیل کرنے والی کمپنی کا ایک ملازم ہے‘ اُسے نئے کلائنٹس کی تلاش تھی‘ اس لیے ملزم نے خود کو سوشل میڈیا پر سرکاری ملازم ظاہر کر کے رہائشی ویزہ کے خواہش مندوں کو بے وقوف بنانے کی کوشش کی۔

ویب سائٹ بند کرنے کے بعد ملزم کو دُبئی کے استغاثہ کے حوالے کر دیا گیا۔ سائبر کرائم ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر کرنل سعید الہجری نے اس حوالے سے بتایا کہ ملزم رہائشی ویزہ کے خواہش مند افراد سے دو سال کے رہائشی ویزے کے لیے بیس ہزار اماراتی درہم جبکہ جبکہ تین سال کی مُدت کے ویزے کے لیے تیس ہزار اماراتی درہم کی رقم کا مطالبہ کرتا تھا۔ اس نے خواہش مند افراد سے پاسپورٹ اور پیدائشی سرٹیفکیٹ بھی طلب کیے۔ بریگیڈیر رُومیتھی نے عوام کو خبردار کیا کہ وہ انجان لوگوں کو اپنے پاسپورٹ یا دیگر اہم دستاویزات نہ دیں کیونکہ ان کو کسی غلط مقصد کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :