صدر مملکت ایس سی او کے 18ویں سربراہ اجلاس میں شرکت کیلئے چار روزہ دورے پر چنگ ڈائو پہنچ گئے

جمعہ 8 جون 2018 18:31

صدر مملکت ایس سی او کے 18ویں سربراہ اجلاس میں شرکت کیلئے چار روزہ دورے ..
چنگ ڈاو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جون2018ء) صدر مملکت ممنون حسین چین کے چار روزہ دورے پر جمعہ کو چنگ ڈائو پہنچ گئے جہاں ان کا استقبال وزیر خارجہ کانگ شوانگ یو نے کیا۔ صدر مملکت (آج) ہفتہ کو شنگھائی تعاون تنظیم کے 18ویں سربراہ اجلاس میں شرکت کرینگے۔ریاستی سربراہان کا کونسل ایس سی او کا اعلی ترین فیصلہ ساز فورم ہے جس کے سالانہ اجلاس میں تنظیم کی ترجیحات، مختلف پہلوئوں اور سٹرٹیجی کو زیر بحث لایا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

حکومتی سربراہان کی کونسل کے اٹھارویں اجلاس میں شرکت کیلئے صدر مملکت کو اان کے چینی ہم منصب نے دعوت دی تھی۔اجلاس میں ایس سی او رکن ممالک کے حکومتی سربراہان،نمائندے،مبصر ممالک اور یو این،سی آئی ایس،آسیان،آئی ایم ایف اور عالمی بینک سمیت بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندے شریک ہونگے۔ ایس سی او ایک بین الحکومتی تنظیم ہے جس کا مقصد باہمی اعتماد اور اچھے ہمسایہ تعلقات کو مستحکم کرنا اور سیاست،تجارت،معیشت،سائنس و ٹیکنالوجی،ثقافت،تعلیم،توانائی،ٹرانسپورٹیشن،سیاحت اور دیگر شعبوں میں موثر تعاون کو فروغ دینا ہے۔اجلاس کے موقع پر صدر مملکت ممنوں حسین خطے کے اپنے ہم منصبوں سے الگ الگ ملاقات کرینگے۔