ابو ظہبی:پاکستانی شہری کو سامان سے چرس برآمد ہونے پر ایک سال کی سزا

ملزم نے سامان میں چرس رکھنے کا الزام ماں پر تھوپ دِیا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 9 جون 2018 14:25

ابو ظہبی:پاکستانی شہری کو سامان سے چرس برآمد ہونے پر ایک سال کی سزا
ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 9جُون 2018ء) ایک پاکستانی شہری کو ابو ظہبی ایئرپورٹ پر سامان سے چرس کی معمولی مقدار برآمد ہونے پر ابو ظہبی کی عدالت نے ایک سال قید کی سزا سُنا دی ہے‘ سزا کے پُورا ہوتے ہی ملزم کو فوراً ڈی پورٹ بھی کر دیا جایا گا۔ جبکہ ملزم کا کہنا تھا کہ اُس کی ماں متحدہ عرب امارات کے قوانین سے واقف نہیں تھی‘ اس نے انجانے میں یہ چرس اُس کے سامان میں رکھ دی ہو گی۔

تفصیلات کے مطابق ملزم کو ابو ظہبی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سامان سے چرس برآمد ہونے پر گرفتار کیا گیا تھا۔ ملزم ابو ظہبی میں ملازمت کر تا تھا اور چند دِنوں کی چھُٹی پر اپنے آبائی وطن پاکستان گیا تھا جہاں سے واپس آنے پروہ گرفتار ہوا۔ ملزم کا کہنا تھا کہ وہ اپنے مُلک میں چرس کا نشہ کرتا رہا ہے۔

(جاری ہے)

مگر متحدہ عرب امارات میں اُس نے کبھی ایسا نہیں کیا۔

ملزم نے مزید کہا کہ اُس کے علاقے اور خاندان میں مردوں میں چرس کا استعمال ایک عام سی بات ہے اور وہاں کئی نوجوان لوگ نشہ آور اشیاء کا استعمال کرتے ہیں۔ اُس(ملزم) کی ماں کو بھی پتا تھا کہ اُس کا بیٹا چرس استعمال کرتا ہے۔ یہی سوچ کر اُس نے ملزم کے سامان میں چرس رکھ دی ہو گی مگر اُسے اس بات کا احساس نہیں ہو گا کہ ایسے عمل کے نتیجے میں اُس کا بیٹا کسی بڑی مشکل میں پھنس سکتا ہے۔

ملزم کے مطابق اُسے اپنے بیگ میں چرس کی موجودگی کا بالکل بھی علم نہیں تھا۔ استغاثہ کے مطابق ملزم کو کسٹم افسر کی جانب سے نشہ آور شے لے جانے کا شک پڑنے پر روکا گیا‘ اور اس کے بیگ کی تلاشی لی گئی‘ جس دوران اُس کے کپڑوں سے چرس کی معمولی مقدار برآمد ہوئی۔ ملزم کے پیشاب کے نمونے میں بھی چرس کے استعمال کی تصدیق ہو گئی۔ استغاثہ کی جانب سے ملزم پر نشہ آور اشیاء استعمال کرنے اور انہیں متحدہ عرب امارات میں اسمگل کرنے کا الزام عائد کیا گیا۔

ملزم نے عدالت میں منشیات کے استعمال کا اعتراف کر لیا مگر منشیات متحدہ عرب امارات منتقل کرنے کے الزام کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔ ملزم نے عدالت کے جج سے فیصلے میں نرمی اختیار کرنے کی اپیل بھی کی۔ ملزم کو سُنائی گئی ایک سال کی سزا پُوری ہونے کے فوراً بعد عدالتی حکم کے تحت ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔