جی سیون ایران کے خطرناک عزائم کے خلاف متحد ہے،ٹرمپ

جی سیون ممالک کے اجلاس کے دوران انہوں نے خطے کو فری ٹریڈ زون بنانے کی تجویز پیش کی ہے،گفتگو

اتوار 10 جون 2018 13:00

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2018ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا میں ہونے والے گروپ سات ممالک کے اجلاس کے بعد کہا ہے کہ جی سیون ممالک نے ایران کے خطرناک عزائم کی مانیٹرنگ کے لیے متحد ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق امریکی صدر نے کہا کہ گروپ سیون کے اجلاس میں بھی ایرانی انتہا پسندی، ایران کی طرف سے عالمی امن کو لاحق خطرات اور ایرانی عزائم کی مانیٹرنگ پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

(جاری ہے)

ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں صدر ٹرمپ نے شمالی کوریا کے ساتھ تعلقات کی بہتری کے بارے میں بھی متعدد سوالوں کے جواب دیے۔ انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا ہمارے ساتھ بہت مثبت انداز میں معاملات طے کررہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کے سربراہ کے ساتھ سنگاپورمیں ہونے والی ملاقات تعلقات کو مزید مثبت سمت دینے کا واحد موقع ہوگی۔ایک سوال کے جواب میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ روس کے جی ایٹ گروپ میں شمولیت کی تائید کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جی سیون ممالک کے اجلاس کے دوران انہوں نے خطے کو فری ٹریڈ زون بنانے کی تجویز پیش کی ہے۔